Live Updates

حکومت نے آئی ایم ایف سے 6ارب ڈالرقرضے کا معاہدہ کرکے قوم کوگروی رکھ دیا ،سکندر حیات خان شیرپائو

پیر 13 مئی 2019 22:08

حکومت نے آئی ایم ایف سے 6ارب ڈالرقرضے کا معاہدہ کرکے قوم کوگروی رکھ ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مئی2019ء) قومی وطن پارٹی کے رہنماء سابق سینئر صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیرپائونے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی ادارے سے 6ارب ڈالرقرضے کا معاہدہ کرکے قوم کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ۔انھوں نے کہا کہ جن سخت شرائط پر آئی ایم ایف سے قرضہ لیا جارہا ہے وہ تمام قوم کے سامنے لائے جائیں۔

وطن کور پشاورمیں پارٹی کے وفود کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ قرضہ نہ لینے اور آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کے نعرے لگانے والے آج عالمی مالیاتی ادارے سے قرضہ کے حصول کیلئے کئے جانے والے معاہدے پر خوشی کے شادیانے بجا رہے ہیں ۔انھوں نے سوال کیا کہ کہاں ہے وہ عمران خان جو کہتا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانے کی بجائے خودکشی کوفوقیت دونگا انھوں نے کہا کہ ملک کی ڈوریں ناتجربہ کار اور غیر سنجیدہ حکمرانوں کے ہاتھوں میںہیں اور وہ بند آنکھوں سے آئی ایم ایف کی شرائط مان رہے ہیں جس سے نہ صرف ملک کی معیشت بلکہ قومی سلامتی کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں اور آئی ایم ایف نواز اقدامات سے جاری مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا۔سکندر شیرپائو نے کہا کہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں سے ایسا لگ رہا ہے کہ انھوںنے غریب عوام کو اپنے ایجنڈے سے خارج کر دیا ہے اورحکمران دیگر مسائل کی طرح مہنگائی کے مسئلہ پر بھی خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں اور اس پرقابو پانے کی بجائے آئی ایم ایف کی ایما پربجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ اور مختلف ٹیکسوں کے نفاذ کے ذریعے غریب آدمی کی منہ سے آخری نوالہ بھی چھیناجارہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے اور حکومت کے مابین 700ارب کے نئے ٹیکس لگانے اور بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ کا سارا بوجھ عام آدمی پر پڑے گا اور وہ فاقوں پر مجبور ہو جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات