بلوچستان میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورت حال تشویشناک ہے ، پیر معصوم نقوی

نیشنل ایکشن پلان پر بھرپور انداز میں عملدرآمد کیا جائے، ملکی سلامتی پر کسی قسم کی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں فوج نے بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں،سربراہ جے یو پی نیازی

پیر 13 مئی 2019 22:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مئی2019ء) جمعیت علمائے پاکستان نیازی کے سربراہ قائداہل سنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے بلوچستان میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورت حال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر بھرپور انداز میں عملدرآمد کیا جائے تو ایسے واقعات سے جان چھڑائی جاسکتی ہے۔گوادر کے نجی ہوٹل میں دہشتگردوں کا داخل ہونے کی کوشش میں ہلاکتیں واضح کرتی ہیںکہ افواج پاکستان ملک کے چپے چپے کی حفاظت کے لئے مستعد ہیں،ملکی سلامتی پر کسی قسم کی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

فوج کو بد نام کرنے کی غلیظ مہم ختم کی جانی چاہیے ۔بے گناہ لاپتہ افراد کوفی الفور رہا کیا جائے۔ اوراگر ان کے خلاف کوئی مقدمات ہیں تو ان کو عدالتوں میں پیش کرکے آزادانہ منصفانہ ٹرائل ہونا چاہیے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پیر معصوم نقوی نے کہا کہ افواج پاکستان ملکی سرحدوں کی حفاظت کی ذمہ دار ہیں اور جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں فوج نے بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

عوام افواج پاکستان کے ساتھ ہیں اور فوج کو بد نام کرنے والے ملک دشمن عناصر کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کون نہیں جانتا کہ بھارت، افغانستان کے ذریعے پاکستان کوبدنام کرنے کی ہر ممکن کوشش ہرممکن سازش کرتا رہتا ہے لیکن قوم کا پاک فوج پر اعتماد ہے اور انشاء اللہ فتح ونصرت افواج پاکستان اور قوم کی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے اس کے ساتھ باڈر پر اگر باڑ لگا دی جائے تو اس سے سرحدی ابہام دور ہونے کے ساتھ دہشتگردوں کی دونوں ملکوں میں وارداتوں پر قابو پایا جاسکتا ہے۔