پیپلز پارٹی کے میئر محمد اسلم شیخ نے پارٹی ممبران کے رویے سے دلبرداشتہ ہو کر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

شہر کی گندگی صاف کرواتے کرواتے خود ڈسٹ انفیکشن کا شکار ہو گئے، طبعیت ناساز ہونے کی بنا پر مزید کام نہیں کر سکتا استعفے کا متن

پیر 13 مئی 2019 22:42

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2019ء) پیپلز پارٹی کے میئر محمد اسلم شیخ نے پارٹی ممبران کے رویے سے دلبرداشتہ ہو کر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، شہر کی گندگی صاف کرواتے کرواتے خود ڈسٹ انفیکشن کا شکار ہو گئے، طبعیت ناساز ہونے کی بنا پر مزید کام نہیں کر سکتا استعفے کا متن. تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی سے وابستہ یکم ستمبر 2016 کو میئر لاڑکانہ کے عہدے کا چارج سمبھالنے والے شہر کے معروف بزنس مین محمد اسلم شیخ نے پونے تین سال اپنے فرائض سرانجام دینے کے بعد پارٹی کے منتخب ممبران چیئرمینز کی مخالفت سے دلبرداشتہ ہو کر استعفیٰ دے دیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ میئر لاڑکانہ محمد اسلم کی جانب سے 22 اپریل کو بلائے گئے کاؤنسل اجلاس میں پیپلز پارٹی کے چند میمبران نے اجلاس کا بائیکاٹ کرتے ہوئے شہر میں صفائی ستھرائی میں سنجیدگی نا ہونے سمیت دیگر الزامات عائد کئے تھے جس کے بعد سے میئر نے دلچسپی سے کام لینا بند کر دیا تھا، جبکہ ذرائع بتاتے ہیں کہ رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور کی جانب سے بھی میئر سے استعفی کا کہا گیا تھا۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کا گڑھ لاڑکانہ گندگی اور سیوریج کے ناکارہ نظام کے باعث آئے روز خبروں کی زینت بنتا رہتا ہے، شہر میں جا بجا گندگی مٹی دھول بدبو کے باعث کئی امراض جنم لیتے ہیں اس سنگین صورتحال سے جہاں کئی شہری بچے سانس اور پیٹ کی بیماریوں میں مبتلہ ہیں وہیں صفائی ستھرائی کے ذمہ دار ادارے میونسپل کارپوریشن کے میئر لاڑکانہ محمد اسلم نے بھی اعتراف کیا ہے کہ وہ ڈسٹ الرجی کے باعث شدید بیمار ہیں یہاں تک کہ اگر کچھ وقت اور مٹی اور دھول میں کام کیا تو انفیکشن بڑھ سکتا ہے، اس ساری صورتحال سے واضح ہے کہ شہر میں اگر ہنگامی بنیادوں پر صفائی کا عمل نا کیا گیا تو مزید تباہی مچ سکتی ہے۔

دوسری جانب میئر لاڑکانہ محمداسلم شیخ نیرابطہ کرنے پر بتایا کہ ایک ماہ سے طبعیت ناساز ہے، ڈسٹ الرجی کی وجہ سے ڈاکٹرز نے چار ماہ مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے، ہر وقت مٹی دھول میں کھڑا رہنا پڑتا ہے جس سے طبیعت زیادہ خراب ہوئی اور انفیکشن کا خطرہ ہے، اس لیے استعفی کائونسل آفیسر کو دیا ہے جوکہ سیکریٹری لوکل گورنمینٹ کو بھجوا دیا جائے گا، جہاں سے الیکشن کمیشن کو جائے گا، انہوں نے کہا کہ پارٹی نے ساتھ دیا عزت دی شہید ذوالفقار بھٹو کے شہر کا میئر بنایا، چیئرمین بلاول بھٹو کو اپنے میڈیکل سرٹیفکیٹس بھجوا رہا ہوں، پارٹی کے کارکن کی حیثیت سے کام کرتا رہوں گا، جن ممران نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا وہ بھی میرے اپنے ہیں، اختلاف رائے ہوتا رہتا ہے، اب بھی یوسی چیئرمین ہوں اسی حیثیت سے اجلاس میں بیٹھا کرونگا، اپنے دور میں 24 کروڑ روپے کے ترقیاتی کام کروائے، لاڑکانہ میں بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔