کالعدم تحریک طالبان نے کوئٹہ بم دھماکے کی ذمے داری قبول کر لی

بلوچستان کے دارالحکومت کے علاقے سیٹلائٹ ٹاون میں واقع مسجد کے باہر ہونے والے دھماکے میں 4 افراد شہید جبکہ 11 زخمی ہوئے

muhammad ali محمد علی پیر 13 مئی 2019 23:44

کالعدم تحریک طالبان نے کوئٹہ بم دھماکے کی ذمے داری قبول کر لی
کوئٹہ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 مئی 2019ء) کالعدم تحریک طالبان نے کوئٹہ بم دھماکے کی ذمے داری قبول کر لی، بلوچستان کے دارالحکومت کے علاقے سیٹلائٹ ٹاون میں واقع مسجد کے باہر ہونے والے دھماکے میں 4 افراد شہید جبکہ 11 زخمی ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پولیس حکام کے مطابق پیر کی رات سیٹلائٹ ٹاﺅن کے علاقے میں منی مارکیٹ کے قریب دھماکہ ہوا ہے جس میں چار پولیس اہلکار شہید جبکہ 11 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

پ ولیس حکام کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب یہ اہلکار ایک مسجد میں نماز تراویح کے دوران سکیورٹی کی غرض سے موجود تھے۔ دھماکے کے فوراً بعد پولیس اور فرنٹیئر کور نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ شہید اور زخمی ہونے والے افراد کو ایدھی، چھیپا اور نجی ایمبولینس کے ذریعے سول ہسپتال اور گیلانی ہسپتال پہنچایا گیا۔

(جاری ہے)

کالعدم تنظیم تحریک طالبان نے میڈیا کو ایک پیغام میں اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

ڈی آئی جی آپریشن پولیس عبدالرزاق چیمہ نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ دھماکے میں چار اہلکار شہید اور 11 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ان کے بقول دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا جس کا نشانہ پولیس اہلکار تھے۔ پولیس نے ابتدائی اطلاعات کے مطابق بتایا کہ پولیس وین کے قریب دھماکہ خیز مواد رکھا گیا تھا۔ واقعے کے فوراً کے بعد پولیس اور دیگر فورسز نے سٹیلائٹ ٹاﺅن اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

دھماکہ اتنا شدید تھا کہ آس پاس کی عمارتوں اور مین سٹیلائٹ ٹاﺅن چوک پر کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ دھماکے کے بعد سیکرٹری صحت بلوچستان نے کوئٹہ کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس سلسلے میں بلوچستان کے وزیر میر ضیاءلانگو نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکہ خیز مواد کو پولیس وین کے قریب نصب کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں امن امان کی صورتحال کو کسی کو خراب کرنے نہیں دیا جائے گا۔