مشترکہ حریت قیادت کی طرف سے کمسن بچی کی بے حرمتی کی شدید مذمت

سانحہ میں ملوث مجرم کوعبرتناک اور قرارواقعی سزا دینے کا مطالبہ

منگل 14 مئی 2019 12:05

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2019ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق اور محمدیاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت اور دیگر حریت رہنمائوںنے سمبل بانڈی پورہ میں ایک کمسن بچی کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اندوھناک، انسانیت سوز اور دل دھلانے والا واقعہ قرار دیا ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت قائدین نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اس افسوسناک واقعے کو جموں وکشمیر کی بہترین سماجی و روحانی ثقافت پر ایک بدنما داغ قراردیتے ہوئے واقعے کی مکمل تحقیقات اور اس میں ملوث مجرم کو عبرتناک اورقرارواقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوںنے کہاکہ اس واقعے سے نہ صرف ہمارے اجتماعی ضمیر کو جھنجوڑا ہے بلکہ ہمارے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔

(جاری ہے)

حریت قائدین نے لوگوں سے ہوشیار اور چوکنا رہنے کی اپیل کی کیوں بعض شرپسند عناصر اور طاقتیں اس واقعے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہمیں فرقوں اور قبیلوں میں تقسیم کرنے کی سازش کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ بچی ہم سب کی بچی ہے اور اس کے دکھ درد اور اس کے اہل خانہ کے غم میں نہ صرف ہم برابر کے شریک ہیں بلکہ ان کے ساتھ کھڑے بھی ہیں۔انہوں نے کہا ہم سب چاہتے ہیں کہ مجرم کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں ایسا کوئی واقعہ پیش نہ آسکے ۔

مشترکہ حریت قیادت نے کشمیری عوام سے اتحاد اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھتے ہوئے صبر، برداشت اور نظم و ضبط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑنے کی اپیل کی ۔ میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم اور جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے سنبل بانڈی پورہ میں کمسن تین سالہ بچی کے ساتھ پیش آئے المناک اور دلخراش سانحہ پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس شرمناک واقعہ میں ملوث مجرم کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ اس طرح کی نازک صورتحال کی آڑ میں مقبوضہ علاقے میں اتحاد و اتفاق اور روایتی بھائی چارے کے ماحول کو زک پہنچانے کی سازش کی جارہی ہے۔حریت فورم کے ترجمان نے شوپیاں کے علاقے سیتا پورمیں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونیوالے دو کشمیری نوجوانوںجاوید احمد بٹ اور عادل بشیر وانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اور انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے ایک بیان میںتین سالہ کمسن بچی کی بے حرمتی کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بعض مذموم عناصر مقبوضہ علاقے میں فرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ متاثرہ بچی کشمیر کی بیٹی ہے اوربعض عناصر اس واقعے کے ذریعے فرقہ واریت اور مسلکی اختلافات کو ہوا دینے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں تاہم ہمیںخبردار رہتے ہوئے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنا نا ہو گا۔ انہوںنے اس واقعے کے خلاف رنگر اسٹاپ میر بحری،حو ل علمگیری بازار ، بمنہ،چینہ بل میرگنڈ اورماگام میں نکالے گئے جلوسوں پر بھارتی فورسز کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کی ہے ۔ انہوںنے فورسز کے ظلم و تشددکی وجہ سے زخمی ہونیوالے درجنوں افراد سے ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ۔