برطانیہ سمیت کئی ممالک ترقی یافتہ ہونے کے باوجود حقوق اطفال پوری طرح ادا نہیں کررہے،کڈز رائٹس

منگل 14 مئی 2019 12:39

دی ہیگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2019ء) ہالینڈ کی بچوں کے حقوق کے حوالے سے غیر سرکاری تنظیم ’’ کڈز رائٹس ‘‘ نے کہا ہے کہ برطانیہ سمیت کئی ممالک بچوں کے حقوق میں ناکام جارہے ہیں جو ترقی یافتہ ہونے کے باوجود حقوق اطفال کو پوری طرح ادا نہیں کررہے۔ تنظیم کے بانی مارک ڈولرٹکی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پناہ گزین بچوں کے ساتھ امتیازی رویہ اور غریب نوجوانوں کو قانونی تحفظ نہ فراہم کرنا قابل افسوس ہے، جمہوری اور ترقی یافتہ ہونے کے باوجود ان ممالک میں بچوں کو جائز حقوق فراہم نہیں کیے جارہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ بھارت میانمر اور چین میں بچوں کو بنیادی حقوق حاصل نہیں جبکہ جرمنی، سوٹزرلینڈ، آئس لینڈ، فن لینڈ اور پرتگال جیسے ممالک معاشی خوشحالی کے باوجود بچوں کے حقوق پر خاطر خواہ توجہ نہیں دے رہے۔ افغانستان، شام اور سیرالیون میں بچے بد ترین صورتحال سے گذر رہے ہیں تاہم تھائی لینڈ اور تیونس اپنے محدود وسائل کے باوجود بچوں کی بہبود پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔ دریں اثناء ہالینڈ کی بچوں کی بہبود سے متعلق فائونڈیشن کی بانی شہزادی لارنٹین نے دنیا بھر کی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ بہتر اور خوشحال مستقبل کے لئے بچوں کی پرورش اور ان کی تعلیم و تربیت پر سرمایہ کاری کریں۔