’بیوی مجھے جوتوں سے پیٹتی ہے‘

کویت میں مقیم ایک مصری شہری نے بیوی کے خلاف شکایت لے کر تھانے پہنچ گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 14 مئی 2019 13:10

’بیوی مجھے جوتوں سے پیٹتی ہے‘
کویت( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،14 مئی 2019ء) کویت کے ایک پولیس اسٹیشن میں اس وقت دلچسپ صورتِ حال پیدا ہو گئی ۔ جب ایک مصری شخص خود پر اپنی بیوی کی جانب سے بہیمانہ تشدد کی شکایت لے کر وہاں پہنچ گیا۔ خود کو مظلوم ظاہر کرنے والے اس شخص نے بتایا کہ اُس کی بیوی اُسے کئی بار مار پیٹ کا نشانہ بنا چکی ہے جن کے نشانات اُس کے جسم پر بطور ثبوت موجود ہیں۔

مصری شوہر نے اپنی مظلومیت کی داستان سُناتے ہوئے کہا کہ اُس کی ایک روز قبل بیوی سے گھریلو معاملات پر تلخی ہوئی جس پر بیوی اشتعال میں آگئی اور پھر آﺅ دیکھا نہ تاﺅ، گھونسوں، تھپڑوں اور جوتوں سے اُس کی خاطر تواضع کر ڈالی۔ اس مار پیٹ کے بعد بھی بیوی کا دل نہ بھرا تو باقی رہی کسر اُس پرڈنڈوں سے پیٹ کر پُوری کر ڈالی جس کے باعث وہ پُوری طرح لہو لہان ہو گیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے شوہر کی شکایت درج کرنی سے قبل اسے ہسپتال منتقل کر دیا تاکہ اسے ایک طرف طبی امداد پہنچائی جا سکے اور دُوسری جانب دعویٰ دائر کرنے کے لیے میڈیکل رپورٹ حاصل کی جائے۔ واضح رہے کہ عرب ممالک میں بیویوں کے ہاتھوں پٹنے کے معاملے میں مصری شہری سرفہرست ہیں۔ مصر کے اعداد و شمار کے مطابق عدالتوں میں دائر ہونے والے طلاق اور خلع کے مجموعی کیسز میں سے 66 فیصد کیس ایسے تھے جن میں شوہروں نے طلاق کی وجہ یہ بتائی تھی کہ اُن کی بیویاں اُنہیں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناتی ہیں۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق بھی شادی شدہ جوڑوں میں مجموعی طور پر 28 فیصد ایسے جوڑے ہیں جن میں بیوی اپنے شوہر کی کسی نہ کسی حد تک پٹائی کرتی ہے۔ اس فہرست میں امریکہ دوسرے نمبر پر جبکہ برطانیہ تیسرے نمبر پر ہے۔