عمران فاروق قتل کیس ،استغاثہ نے برطانیہ سے شواہد حاصل کرنے کے لیے ایک بار پھر وقت مانگ لیا

24 مئی تک شواہد حاصل کر کے جمع کروائے جائیں ، 24 مئی کو اگر شواہد جمع نہ ہوئے تو حتمی بحث کے لیے دلائل دیے جائیں،عدالت

منگل 14 مئی 2019 17:34

عمران فاروق قتل کیس ،استغاثہ نے برطانیہ سے شواہد حاصل کرنے کے لیے ایک ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2019ء) انسداد دہشتگری عدالت میں ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں نیا موڑ آگیا ،استغاثہ نے برطانیہ سے شواہد حاصل کرنے کے لیے ایک بار پھر وقت مانگ لیا۔منگل کو کیس کی سماعت انسداد دہشتگری عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے کی ،برطانوی حکومت سے خط و کتابت کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ ایف آئی اے پراسیکیوٹر خواجہ امتیاز عدالت میں پیش ہوئے ۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے نے کہاکہ برطانوی حکومت سے خط و کتابت کا سلسلہ جاری ہے ، برطانیہ سے ایک ای میل بھی موصول ہوئی ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق امید ہے ہمیں شواہد اور کامیابی ملے گی ، وقت دیا جائے۔عدالت نے کہاکہ 24 مئی تک شواہد حاصل کر کے جمع کروائے جائیں ،24 مئی کو اگر شواہد جمع نہ ہوئے تو حتمی بحث کے لیے دلائل دیے جائیں۔عدالت نے ایف آئی اے کو 24 مئی تک وقت دیدیا ۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے عدالت نے بیرون ملک سے شواہد حاصل کرنے کیلئے مزید وقت دینے کی درخواست مسترد کر دی تھی ۔کیس کی سماعت 24 مئی تک ملتوی کر دی گئی