پنجاب کے تمام سرکاری میڈیکل ٹیچنگ ہسپتالوں کو مزید اپ گریڈ کرکے مریضوں کیلئے آسانیاں پیدا کرینگے ‘ڈاکٹر یاسمین راشد

سابقہ کرپٹ حکومت نے اپنی جیبیں بھرنے اور پنجاب کی عوام کا خون چوسنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا‘صوبائی وزیر صحت کا اجلاس سے خطاب

منگل 14 مئی 2019 17:38

پنجاب کے تمام سرکاری میڈیکل ٹیچنگ ہسپتالوں کو مزید اپ گریڈ کرکے مریضوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2019ء) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیرصدارت فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں سینڈیکیٹ کا بارہواں اجلاس منعقد ہوا،جس میں سینڈیکیٹ ممبران وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عامر زمان خان، پروفیسر ڈاکٹر طاہرہ مرتضیٰ، ام البنین علی، رکن پنجاب اسمبلی عائشہ نواز، پروفیسر نشاط مسعود، پروفیسر ڈاکٹر مسرت نثار، پروفیسر ڈاکٹر مائرہ اور ایم ایس گنگارام ہسپتال ڈاکٹر فیاض نے شرکت کی۔

اس موقع پر ایم ایس گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال شاہدرہ، پرنسپل کالج آف نرسنگ گنگارام اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے بھی شرکت کی۔ وزیرصحت پنجاب نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے بارہویں سینڈیکیٹ اجلاس میں اہم فیصلے کئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں پروفیسرز کی اضافی آسامیوں کی منظوری دے دی گئی ہے۔

فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی شکستہ حالت عمارات کی مرمت و بحالی کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔صوبائی وزیر صحت نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کیلئے باقاعدہ خزانچی کی منظوری، گنگارام ہسپتال کے اینڈوسکوپی ڈیپارٹمنٹ کیلئے گیسٹروسکوپی مشین خریدنے، گنگارام ہسپتال کے ریڈیولوجی ڈیپارٹمنٹ کیلئے کلر ڈوپلرالٹراساؤنڈ مشین خریدنے اور گنگارام ہسپتال کے بچہ وارڈ کیلئے 6نیو نیٹل وینٹی لیٹرز جبکہ دو انتھیسزیا مشینیں خریدنے کی بھی منظوری دی۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہاکہ پنجاب کے تمام سرکاری میڈیکل ٹیچنگ ہسپتالوں کو مزید اپ گریڈ کرکے مریضوں کیلئے مزید آسانیاں پیدا کریں گے۔ وزیراعظم ہیلتھ اقدامات کے تحت ہسپتالوں میں بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ کاش سابقہ کرپٹ حکومت نے اپنی جیبیں بھرنے کی بجائے عوام کا سوچا ہوتا۔ سابق کرپٹ حکمرانوں نے پنجاب کی عوام کا خون چوسنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔