تبدیلی کی بدترین ناکامی کے بعد قوم کی واحد امید جماعت اسلامی ہے،اسداللہ بھٹو

، اپنے دعووں کے برعکس حکمران آئی ایم ایف کے آگے سجدہ ریز ہوچکے ہیں،نائب امیر

منگل 14 مئی 2019 23:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2019ء) نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان وسابق رکن قومی اسمبلی اسداللہ بھٹو نے کہا ہے کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کی بدترین ناکامی کے بعد قوم کی واحد امید جماعت اسلامی ہے، اپنے دعووں کے برعکس حکمران آئی ایم ایف کے آگے سجدہ ریز ہوچکے ہیں ،ایف بی آر، اسٹیٹ بینک سمیت تمام ملکی اداروں پر آئی ایم ایف کے نمائندوں کا تقرر اور چھ ارب ڈالر کے عیوض عوام پر مہنگائی کی نئی سونامی مسلط کرنے کی تیاریاں حکمرانوں کی بے حسی اور عوام دشمنی کا ثبوت ہے، قرض لینے کی بجائے خودکشی کرنے کے دعویدار وزیراعظم کے تمام دعوے کھوکھلے اور عوام سے کئے گئے وعدے جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی سندھ کے کارکنان کیلئے منعقدہ افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی اورقیم کاشف سعید شیخ نے بھی خطاب کیا جبکہ نائب امیر عظیم بلوچ، سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا، ناظم تنظیم محمد مسلم، شعبہ تعلیم کے ناظم محمد اسحاق منصوری اور ناظم عمومی محمد دین منصوری سمیت دیگر ذمہ داران اور کارکنان بھی موجود تھے۔

اسداللہ بھٹو نے مزید کہا کہ سابق حکمرانوں کو غازی ممتاز قادری کو پھانسی دینے کی سزا مل رہی ہے جس کی وجہ سے ایک بھائی جیل میں تو دوسرا لندن کی سڑکوں پر خوار ہورہا ہے جبکہ موجودہ حکمرانوں کو ناموس رسالتؐ میں گستاخی کرنے والی ملعونہ آسیہ مسیح کو فرار کروانے کی سزا ضرور ملے گی، نو ماہ کے مختصر عرصہ میں جتنی خواری اور بدنامی موجودہ حکومت نے پائی ہے اتنی کسی اور کو نصیب نہیں ہوئی ہے، جماعت اسلامی کو جب بھی عوام نے موقع دیا ہم نے ڈلیور کیا ہے، کے پی کے سینئر وزیر سینیٹر سراج الحق سے لیکر عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان اس بات کے تابندہ اور درخشدہ ستارے ہیں کہ ہم صرف باتیں نہیں بلکہ عملی طور پر عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کرتے ہیں، جماعت اسلامی سیاست کو عبادت جبکہ دیگر پارٹیاں کاروبارسمجھتی ہیں ،موجودہ حکمرانوں کی ناکامی کے بعد جماعت اسلامی کے کارکنان عوام کے دروازے پر دستک دیں اور اس بات پر آمادہ کریں کہ تبدیلی صرف نظام مصطفیؐ کے نافذ ہونے سے آسکتی ہے، بابرکت اسلامی نظام ہی عوام اور ملک کے تمام مسائل کا حل ہے، اگر مہنگائی، بیروزگاری، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور غربت وافلاس سے نجات چاہتے ہو تو بار بار آزمانے والوں کو دوبارہ آزمانے کی بجائے عوام اب دیانتدار اور خدمت کا جذبہ رکھنے والے جماعت اسلامی کے نمائندوں کو اپنا نمائندہ منتخب کرکے کرپٹ، بددیانت حکمرانوں سے اپنی جان چھڑانا ہوگی۔

اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے،غلبہ دین کے بغیر مہنگائی بے روزگاری اورکرپشن سمیت تمام مسائل سے نجات ناممکن ہے۔رمضان نزول قرآن اوراپنے نفس کی اصلاح کی تربیت کا مہینہ ہے۔روزہ ہماری جسمانی وروحانی طور پرتربیت کرتا ہے۔فرمایا گیا کہ جس نے بھی ایمان واحتساب کے ساتھ روزے رکھے وہ فلاح پاگیا۔انہوں نے زوردیاکہ رمضان شریف کے بابرکت مہینہ میں روزہ تراویح اوردیگرنفلی عبادات سمیت اس کی رحمتوں اوربرکتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے ۔#