سندھی ہمارے بھائی ہیں اور ہمارے آباؤ اجداد کو جس طرح انہوں نے گلے لگایا اس کیلئے سندھی ہمارے لئے انصار کا درجہ رکھتے ہیں، سید مصطفی کمال

منگل 14 مئی 2019 21:00

سندھی ہمارے بھائی ہیں اور ہمارے آباؤ اجداد کو جس طرح انہوں نے گلے لگایا ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2019ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ سندھی ہمارے بھائی ہیں اور ہمارے آباؤ اجداد کو جس طرح انہوں نے گلے لگایا اس کیلئے سندھی ہمارے لئے انصار کا درجہ رکھتے ہیں۔ ایسا ممکن نہیں کہ صرف کراچی میں مہاجر بچوں کی محرومیوں پر بات کریں بلکہ پورا سندھ ہمارا ہے اور کراچی سے کشمور تک ہر بچے کو ایک نگاہ سے دیکھتے ہیں، ہم نے محبتیں بانٹی ہیں ہمیں بھی سندھ بھر سے محبتیں ملی ہیں، سندھ کے ہر بچے کو تعلیم، صحت، اور روزگار کی فراہمی یقینی بنانا ہمارا اولین مقصد ہے۔

ان خیالات کا سید مصطفیٰ کمال نے پاکستان ہاؤس میں منعقد سندھ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں ہمارے آباؤ اجداد دفن ہیں، ہمیں بھی اسی میں دفن ہونا ہے، اس مٹی اور یہاں کی تہذیب سے ہمیں محبت ہے، یہاں کی ثقافت دنیا بھر میں ہماری پہچان ہے اور اس پر فخر کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

کسی کو بھی نفرتوں کے بیچ ڈال کر اپنی آنے والی نسلوں کو انتشار اور تباہی کے راستے پر گامزن کرنے نہیں دیں گے بلکہ اب لسانیت کی آگ کو ہمیشہ کیلئے بجھا کر لوگوں کو اس جانب مائل کرتے رہیں گے کہ وہ اپنے اور اپنی آئندہ آنے والی نسلوں کیلئے عزت، انصاف اور اختیار کی خاطر اپنے حکمرانوں کو کردار، صلاحیتوں، ایمانداری اور اہلیت کی بنیاد پر منتخب کریں تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک بہتر پاکستان اور روشن مستقبل مل سکے۔

پاک سرزمین پارٹی نے صرف مسائل ہی اجاگر نہیں کیئے بلکہ انکا زمینی حقائق کے مطابق حل بھی تجویز کیا ہے اس لیے لوگ ہمارے ساتھ تیزی سے جڑ رہے ہیں۔