Live Updates

وفاقی کابینہ نے اثاثہ جات ڈیکلیریشن سکیم 2019ء کی منظوری دے دی

وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے

منگل 14 مئی 2019 22:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2019ء) وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو وزیراعظم آفس میں ہوا جس میں اثاثہ جات ڈیکلیریشن سکیم 2019ء کی منظوری دیئے جانے کے علاوہ 17نکاتی ایجنڈے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کے دوران اٹارنی جنرل پاکستان نے کابینہ کو بین الاقوامی عدالتوں /ثالثی فورمز میں زیرالتواء مقدمات میں ہونے والی پیشرفت کے بارے میں پریذنٹیشن دی اور مستقبل کا لائحہ عمل تجویز کیا۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ 2008 سے لیکر 2018ء تک حکومت پاکستان نے مختلف مقدمات میں وکلاء کو فیس کی مد میں 100ملین ڈالرز ادا کیے ہیں جبکہ وکلاء کی فیس کے طورپر اس سال ابھی 10ملین ڈالرز مزید ادا کرنے ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزارت پٹرولیم ، وزارت بجلی اور وزارت مواصلات وغیرہ سمیت بڑی بڑی وزارتوں میں لیگل ایڈوائیزرز کی تقرری کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس کے علاہ اٹارنی جنرل کے دفتر میں معاہدہ جات/کنٹریکٹس کی موازناتی تصدیق کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔کابینہ نے ضروری اشیاء کی قیمتوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ سیکرٹری منصوبہ بندی نے کابینہ کو ان اقدامات کے بارے میں بتایا جوکہ صارفین کو ریلیف کی فراہمی کے لیے مڈل مین کے کردار کے خاتمہ کے لیے کیے گئے ہیں۔

کابینہ نے ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ کی تجدید اور میسرز پی آئی اے سی ایل کے فضائی کام اور چارٹر کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے پاکستان ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی)کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل کی بھی منظوری دی۔کابینہ نے اسلامی جمہوریہ پاکستان اور عوامی جمہوریہ الجیریا کی حکومتوں کے درمیان تجارتی معاہدہ کی بھی توثیق کی۔کابینہ نے نیشنل سکول آف پبلک پالیسی (این ایس پی پی)اور نیشنل مینجمنٹ انسٹیٹیوٹ (این ایم آئی)(قاہرہ) کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کی بھی منظوری دی۔

کابینہ نے زیروپوائنٹ اسلام آباد میں واقع بینوویلنٹ فنڈ بلڈنگ کو پراپرٹی ٹیکس سے استثنیٰ دیئے جانے کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے ڈپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے تقرر کی بھی منظوری دی۔اجلاس کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز نے کابینہ کو مختلف ادویات کی قیمتوں میں کمی بارے پیشرفت بارے بریف کیا اور بتایا کہ ادویات کی پرچون قیمتوں میں کمی سے صارفین کے 9ارب روپے بچانے میں مدد ملی۔

کابینہ نے انفارمیشن کمیشن کے اراکین کی تنخواہوں کے پیکیج کی بھی منظوری دی۔کابینہ نے میجر جنرل عمراحمد بخاری کی بطور ڈی جی پاکستان رینجرز سیکنڈمنٹ کی بھی منظوری دی۔کابینہ نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مس تسنیم سلطانہ کی بطور نشہ آور اشیاء کے کنٹرول کی خصوصی عدالت کراچی کے جج کے طورپر تقرری اور سپیشل کورٹ کو ئٹہ کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹینز) تقرری کی بھی منظوری دی۔

کابینہ نے چین کی طرف سے عطیہ کے طورپر دئیے گئے آلات کو ڈیوٹیز اور ٹیکسز سے استثنیٰ دینے کی منظوری بھی دی۔ یہ آلات انسداد منشیات کی کوششوں میں استعمال کیے جائیں گے۔ کابینہ نے پاکستان اکادمی آف ادبیات اسلام آباد کے چیئرمین کی آسامی کے لیے بھرتی کے قواعد کی بھی منظوری دی۔کابینہ نے بیرونی ممالک میں قید اور زیر احراست پاکستانیوں کو قونصلر معاونت کی فراہمی بارے پالیسی کی بھی منظوری دی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات