Live Updates

تبدیلی کی لہر عروج پر،پنجاب کے معاشی وزیر بھی تبدل

ڈاکٹر سلمان شاہ کو نئے مشیر خزانہ بنائے جانے کے امکان

Sajjad Qadir سجاد قادر بدھ 15 مئی 2019 06:31

تبدیلی کی لہر عروج پر،پنجاب کے معاشی وزیر بھی تبدل
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی2019ء)   تجربات سے انسان سیکھتا ہے لیکن اگر انسان ساری زندگی تجربے ہی کرتا رہے تو اس کانتیجہ کب نکلے گااور وہ کامیاب کب ہو گا۔اسی لیے کہا جاتا ہے کہ تجربے کرنے کی بھی کوئی عمر ہوتی ہے۔موجودہ حکومت کے تجربات بھی ابھی تک ختم نہیں ہوئے۔سرکاری افسران سے لے کر مشیروں وزیروں تک کئی لوگوں کو بدلا گیااور تبدیلی کی یہ لہر ابھی تک نہیں رک سکی بلکہ آئے روز کسی کوبھی عہدے سے ہٹائے جانے کی خبریں سنائی دیتی رہتی ہیں۔

اس حوالے سے پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے دلچسپ تبصرہ کیاتھا کہ سبھی وزرا کے دل و دماغ میں ہر وقت ہٹائے جانے کا ڈر رہتا ہے کسی کی وزارت محفوظ نہیں اور کسی بھی وزیر کو کسی بھی وقت اپنے عہدے سے ہٹایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر خزانہ کی چھٹی ہوئے تو کافی عرصہ ہو چکااور وہ اس قدر دل برداشتہ ہوئے ہیں کہ آئی ایم ایف پیکیج اور ملکی صورت حال پر تبادلہ خیال کرنے کی بجائے سموسے پکوڑوں کا ریٹ بتانے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔

تاہم مرکز کے بعد اب پنجاب میں بھی نیا معاشی کھلاڑی اتارنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کے لیے وزیر اعلیٰ کے مشیر اکرم چوہدری مستعفی ہو گئے ہیں اور اب ان کی جگہ ڈاکٹر سلمان شاہ کو نئے ٹاسک کے لئے مشیر خزانہ بنایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب کو آئندہ مالی سال کے بجٹ کا چیلنج درپیش ہے، جس کے لیے پنجاب حکومت نے بجٹ سازی کے حوالے سے ماہر اقتصادیات ڈاکٹر سلمان شاہ کو ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

جبکہ معا شی کھلاڑی کو جگہ دینے کے لیے اکرم چوہدری نے مشیر وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفا دے دیا ہے۔آئین کے تحت وزیر اعلیٰ پنجاب ایک وقت میں 5 مشیر رکھ سکتے ہیں، پہلے سے ہی 5 مشیر کام کر رہے تھے جس پر ڈاکٹر سلمان شاہ کو مشیر خزانہ بنانے کے لیے وزیراعلیٰ کے مشیر اکرم چوہدری سے قلمدان واپس لیا گیا۔حکومت کو ریونیو ریکوری میں کمی اور بجٹ سازی میں مشکلات کا سامنا تھا اور پنجاب ریونیو اتھارٹی بھی اہداف حاصل نہیں کر پائی تھی، اب سلمان شاہ کو اہم ٹاسک دیا جائے گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات