پارلیمنٹ کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس،

سول ایوی ایشن کے 2016-17ء کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ

بدھ 15 مئی 2019 12:32

پارلیمنٹ کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2019ء) پارلیمنٹ کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس بدھ کو کمیٹی کے کنوینر سید نوید قمرکی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سول ایوی ایشن کے 2016-17ء کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیاگیا۔ کراچی ایئر پورٹ پر پی ٹی سی ایل اور کیلٹکس کمپنیوں کو جگہ فراہم کرنے کے معاملے پر سول ایوی ایشن حکام کاکہنا تھا کہ دونوں کمپنیاں باقاعدگی سے فیس دے رہی ہیں۔

آڈٹ حکام نے کہاکہ محکمے نے ہمیں معاہدے کی نقل فراہم نہیں کی ۔ کمیٹی کی رکن حنا ربانی کھر نے استفسار کیا کہ کب سے معاہدے کی تجدید نہیں ہوئی اس پر سول ایوی ایشن حکام کی جانب سے بتایاگیا کہ 2005ء سے معاہدے کی تجدید نہیں ہوئی جس پر پی اے سی نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کیسے معاملات چلائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

حنا ربانی کھر نے کہاکہ جس انداز سے سول ایوی ایشن حکام جواب دے رہے ہیں اس سے کئی سوالات جنم لے رہے ہیں۔

کمیٹی نے سول ایوی ایشن اتھارٹی پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی اے سی کے سامنے ادارے کی وضاحت تسلی بخش نہیں ہے۔ پی اے سی نے ہدایت کی کہ معاہدے کی کاپی فوری طورپر آڈٹ حکام کو فراہم کی جائے اور پی اے سی میں آئندہ اجلاس میں ڈی جی سول ایوی ایشن کو طلب کرتے ہوئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے آڈٹ اعتراضات کاجائزہ ملتوی کردیا۔