روزہ داروں کے لیے ٹھنڈی ٹھنڈی خوشخبری

محکمہ موسمیات کےمطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے کئی علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کےساتھ بارش متوقع ہے،کراچی میں عید تک ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں ہے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 15 مئی 2019 12:31

روزہ داروں کے لیے ٹھنڈی ٹھنڈی خوشخبری
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15مئی 2019ء) روزے داروں کو ایک بار پھر موسم اچھا ہونے کی خوشخبری سنا دی گئی ہے۔ملک کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز موسلادھار بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی کی شدت میں کمی سے روزے داروں کے چہرے کھل اٹھے۔اور اب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات نے لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی سمیت دیگر شہر میں بدھ کے روز بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے جبکہ کراچی میں جمعرات کو بادل برسنے کا امکان ہے۔

جنوبی پنجاب سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد موسم نے خوب رنگ جمایا، کہیں موسلادھار اور کہیں ہلکی ہلکی بارش سے موسم ٹھنڈا ہونے پر روزہ داروں کے چہرے کھل اٹھے۔ ڈیرہ غازی خان، راجن پور ،سکھر صادق آباد ،رحیم یار خان اور سیون شریف میں بھی چھم چھم پانی برسا۔

(جاری ہے)

کراچی والوں کے لئے بھی اچھی خبر آئی ہے کہ موسم کا حال بتانے والوں نے جمعرات سے بوندا باندی کی پیش گوئی کی ہے عید تک ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات کےمطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور گوجرانوالہ فیصل آباد اسلام آباد کوئٹہ ملتان سکھر لاڑکانہ بنوں اور کشمیر میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کےساتھ بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چار روز کے دوران خیبرپختونخوا، پنجاب، اسلام آباد، بلوچستان، بالائی سندھ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں پر تیز ہوائوں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ سے جمعرات کے دوران مکران، قلات، ژوب اور ڈی جی خان ڈویژن میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے، اس دوران جمعرات سے جمعہ کے دوران سندھ، مکران کے ساحلی علاقوں اور کراچی میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے ساتھ تیز ہوائوں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی بھی توقع ہے، اس دوران ملک کے مختلف علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں معمول سے 04 سے 06 ڈگری کمی کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ فیصل آباد، سرگودہا، ساہیوال، بہاولپور، ڈی جی خان، مکران ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواوں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش ڈی جی خان 14، قصور 09، منڈی بہائوالدین 08، ٹوبہ ٹیک سنگھ، مری، بہاولنگر 07، لاہور، ساہیوال 04، گوجرانوالہ 03، حافظ آباد، سیالکوٹ 02، نارووال، منگلا، سرگودہا، اسلام آباد، راولپنڈی 01، دیر 06، سیدو شریف، کاکول، بالاکوٹ 03 ، گڑھی دوپٹہ 06، مظفر آباد 03، بگروٹ 01، لسبیلہ میں 02 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ منگل کو ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دادو 47 ، شہید بینظرآباد 46، پڈعیدن اور موہنجوداڑو میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔