مشیر تعلیم نے انصاف رمضان نائٹ گالا کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کردیا

بدھ مئی 15:03

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2019ء) وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے تعلیم ضیا اللہ بنگش نے منگل کی رات قلعہ گرائونڈ کوہاٹ میں انصاف رمضان نائٹ گالا کرکٹ ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوہاٹ مطیع اللہ خان،پارٹی عہدیدار اور شائقین کرکٹ کی کثیر تعداد موجود تھی۔افتتاحی میچ ضیا اللہ بنگش الیون اور ڈی سی کوہاٹ الیون کے مابین کھیلا گیاجسے آخرالذکر نے 16 رنز سے جیت لیا۔

ضیا اللہ بنگش اورمطیع اللہ خان نے اپنی اپنی ٹیموں کی نمائندگی کی۔ڈی سی الیون نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 7 اوورز میں 102 رنز بنائے مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ضیا اللہ بنگش الیون کی پوری ٹیم 86 رنز پرآئوٹ ہوگئی،اسی طرح میچ 16 رنز سے ڈی سی کوہاٹ الیون نے اپنے نام کرلیا۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ کے آرگنائزرکے مطابق مذکورہ ٹورنامنٹ میں شائقین کو 80 ٹیموں کے مابین کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

مشیر تعلیم نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ٹورنامنٹس کا انعقاد نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں مدد ومعاون ثابت ہوتے ہیں۔نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اس لئے حکومت نوجوانو ں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ وہ مستقبل میں ملک کی تعمیر وترقی کیلئے اپنا فعال کردار ادا کریں۔ٹورنامنٹ کے انعقاد پرموقع پر موجود شائقین کرکٹ نے حکومت خیبرپختونخوا خصوصامشیر تعلیم کی کاوشوں کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :