Live Updates

ہری پور میں مختلف ٹیچنگ کیڈرز کی 131 پوسٹوں پر بھرتی کیلئے اشتہار دیدیا گیا

بدھ 15 مئی 2019 15:54

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2019ء) ہری پور میں مختلف ٹیچنگ کیڈرز کی 131 پوسٹوں پر بھرتی کیلئے اشتہار دیدیا گیا ہے، سکول بیسڈ پالیسی ختم کر کے تمام تر تعیناتیاں مستقل بنیادوں پر ہوں گی، نئی ٹرانسفر پالیسی بھی جلد نافذ العمل ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ہری پور عمر خان کنڈی نے اپنے دفتر میں ٹیچنگ کیڈرز کی بھرتیوں کے حوالہ سے میٹنگ کے دوران کیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اسٹیبلشمنٹ حافظ سرفراز خان، بجٹ اینڈ اکائونٹ آفیسر ممتاز خان، سپرنٹنڈنٹ محمد فریدون، عمران خان، اویس خان، اختر نواز خان، محمد عدیل، محمد ظفر اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس ٹی جنرل کی چار، بائیو کیمسٹری کی پانچ، میتھ اور فزکس کی دو، ایس ایس ٹی اور آئی ٹی کی 4، سی ٹی کی 20، ڈی ایم کی 8، پی ای ٹی کی 8، اے ٹی کی 8، ٹی ٹی کی 7، قاری کی 8، سی ٹی آئی ٹی کی 7 پوسٹوں پر ڈسٹرکٹ کی سطح پر این ٹی ایس کے ذریعہ بھرتی ہو گی جبکہ پی ایس ٹی کے 65 پوسٹوں پر یونین کونسل کی سطح پر بھرتیاں کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

پشاور ہائی کورٹ کے فیصلہ کے مطابق پانچ سکولوں کیلئے درخواست دینے کی شرط ختم کر دی گئی ہے، درخواست دینے کے طریقہ این ٹی ایس کی ویب سائٹس پر موجود ہے، نجی یونیورسٹیوں کی ڈگریاں ہائیر ایجوکیشن سے تصدیق شدہ ہونی چاہئیں، زنانہ امیدوار پرائمری سکول ٹیچر کی آسامی کیلئے اپنے والد یا شوہر کے ڈومیسائل پر درخواست دے سکتی ہیں۔ امیدواروں کے ڈومیسائل کا پتہ اور قومی شناختی کارڈ کا پتہ ایک ہونا چاہئے۔ عمر خان کنڈی نے تمام سٹاف کو ہدایات کی کہ بھرتی کے تمام تر عمل کو انتہائی شفاف بنایا جائے تاکہ کسی کو شکایت کا موقع نہ ملے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات