گرلز ہائی سکول نمبر ون کے اندر سے ڈی ای آفس کو جانے والا راستہ بند کرنے پر ڈی ای او برہم ہو گئیں

بدھ 15 مئی 2019 15:57

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2019ء) ایبٹ آباد کے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر ون کے اندر سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس کو جانے والا راستہ بند کرنے پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر برہم ہو گئیں۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے سکول کی پرنسپل کی طرف سے راستہ بند کرنے کیلئے لگائی جانے والی دیوار گرانے کی کوشش کی جس پر ڈی ای او (زنانہ) اور سکول کی پرنسپل کے درمیان جھگڑا شروع ہو گیا، ہنگامہ آرائی کے بعد بعض طالبات کے والدین اور دفتری عملہ بھی موقع پر پہنچ آیا جنہوں نے بیچ بچائو کرایا۔

طالبات کے والدین نے ڈی ای او (زنانہ) کی طرف سے دیوار گرانے کے واقعہ کی مذمت کی اور دیوار گرانے کو طالبات کیلئے سکیورٹی رسک قرار دیا۔ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر ون ایبٹ آباد کے اندر سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (زنانہ) کو راستہ دیا گیا تھا جس کی وجہ سے سکول کی سیکورٹی متاثر ہو رہی تھی، سکول کی پرنسپل نے دیوار لگا کر راستہ بند کر دیا جس پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر برہم ہو گئیں اور انہوں نے گذشتہ روز دیوار گرانے کی کوشش کروائی لیکن پرنسپل موقع پر پہنچ گئیں۔

(جاری ہے)

پرنسپل اور ڈی ای او (زنانہ) کے درمیان توں تکرار اور جھگڑا شروع ہو گیا جس کی وجہ سے دفتری سٹاف اور بعض طالبات کے والدین بھی موقع پر پہنچ آئے اور انہوں نے بیچ بچائو کرایا۔ طالبات کے والدین نے ڈی ای او (زنانہ) کی طرف سے دیوار گرانے کی کوشش کو غیر قانونی اور طالبات کیلئے سیکورٹی رسک قرار دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیم اور انتظامیہ کے حکام نوٹس لیتے ہوئے طالبات کی سیکورٹی کو یقینی بنائیں اور ڈی ای او کو دیوار گرانے سے روکا جائے۔

متعلقہ عنوان :