سرگودھا یونیورسٹی میں’’روزہ صحت کیلئے نعمت ‘‘کے موضوع پر سمینار منعقد

بدھ 15 مئی 2019 15:59

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2019ء) سرگودھا یونیورسٹی میں انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ نیوٹریشن کے زیر اہتمام ’’روزہ صحت کیلئے نعمت‘‘کے موضوع پر سیمینا ر منعقدہوا، جس میں روزے کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کیا گیا۔ سیمینارمیں ڈ ین فیکلٹی آف ایگریکلچر ڈاکٹر محمدافضل ،معروف اسکالر یوسف قدوس ،مدثرعلی نواز ،الفت خدیجہ ڈاکٹر قمروش عالم ،ڈاکٹر جویریہ کومل،سدرہ جاوید ،وجیہہ سعید اور ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ نیوٹریشن ڈاکٹرانجم مرتضیٰ نے شرکت کی۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ رمضان المبارک کے مبارک لمحات روحانی سکون کے ساتھ ساتھ جسمانی صحت کے لئے بھی مفید ہیں، روزہ کے صحت مند معمول سے پیٹ کی خرابی اوردیگر بیماریوں پر بہتر طریقے سے قابو پایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ اس مقدس مہینے میں ہم متوازن خوراک کے استعمال سے موٹاپے ،شوگر اور بلند فشار خون اور کینسر جیسی بیماریوں کو کنٹرول کر سکتے ہیں جبکہ روزہ دل کے مریضوں کی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتا ہے ۔

ماہرین نے تلقین کی کہ ادھیڑ عمر کے لوگوں کے لئے ضروری ہے کہ رمضان میں متوازن اور بھر پور غذا کا استعمال کریں کیو نکہ اس عمر میں قوت مدافعت کا نظام بہت کمزور ہوتا ہے اور بیماریوں کا خدشہ زیادہ ہوتاہے ۔سدرہ جاوید نے آگاہ کیا کہ حمل کے دوران خواتین کیلئے متوازن غذا کا استعمال بہت ضروری ہے اس لئے خواتین کو چاہیے کہ وہ رمضان میں اپنی خوراک کا خاص خیال رکھیں اور زیادہ سے زیادہ غذائیت والی خوراک استعمال کریں۔

تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر انجم مرتضیٰ نے کہا کہ ہمیں رمضان میں بھی ڈائٹ پلان مرتب کرنا چاہیے تا کہ اس مقدس مہینے میں روحانی سکون کے ساتھ ساتھ جسمانی صحت کا حصول بھی ممکن بنایا جا سکے۔اس موقع پر طلبہ نے بھی روزہ کی افادیت اور صحت کے مختلف پہلووں پر اظہا ر خیال کیا۔

متعلقہ عنوان :