وفاق المدارس انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہے، مدارس پر براہ راست چھاپوں سے گریز کیا جائے، رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنایا جائے اور وفاق المدارس کو وزارت مذہبی امور یا وزارت تعلیم کے ساتھ منسلک کیا جائے، وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل قاضی عبدالرشید کا پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 15 مئی 2019 16:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2019ء) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل قاضی عبدالرشید نے کہا ہے کہ وفاق المدارس انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہے، مدارس پر براہ راست چھاپوں سے گریز کیا جائے، مدارس قوم کا سرمایہ ہیں انہیںدیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے، رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنایا جائے اور وفاق المدارس کو وزارت مذہبی امور یا وزارت تعلیم کے ساتھ منسلک کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز جامعہ محمدیہ میں اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔قاضی عبدالرشید نے کہا کہ گزشتہ دنوں بھارہ کہو میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے ایک مدرسہ پر چھاپہ مارا گیا جس سے مدرسہ زیر تعلیم طالبات اور اہل علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا ،اس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاق المدارس انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کو تیار ہے اور ہمارا میرا موقف یہ ہے کہ مدرسے پر براہ راست چھاپہ مارنے کی بجائے پہلے وفاق المدارس کو اطلاع دی جائے ہم انتظامیہ کے ساتھ مل کر مدرسے کے خلاف کارروائی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن ماضی میں بھی ہوتی رہی ہیں اور ہم آئندہ بھی مکمل تعاون کرنے کو تیار ہیں، رجسٹریشن کے طریقہ کار کو آسان بنایا جائے اور وفاق المدارس کو وزارت تعلیم یا وزارت مذہبی امور کے ساتھ منسلک کیا جائے مگر وزارت داخلہ کے ماتحت ہونے کو قبول نہیں کریں گے۔قاضی عبد رشید نے کہا کہ مدارس کے نصاب کے حوالے سے ہم عصری تعلیم کے حوالے سے حکومت کے ساتھ مل بیٹھ نصاب میں رد وبدل کرسکتے ہیں مگر درس نظامی کے نصاب کے لیے ہمارا بورڈ پہلے سے موجود ہے جو نصاب تیار کرتا ہے اس میں کسی اور کی مداخلت قبول نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مدارس ملک میں اپنے وسائل پر طالب علموں کو تعلیم دے رہے ہیں جس سے ملک میں شرح خواندگی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ،ملک میں موجود مدارس قوم کا سرمایہ ہیں انکی دینی خدمات کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ مدارس کسی بھی قسم کی کی دہشت گردی میں ملوث نہیں ہے بلکہ کہ وفاق المدارس عالم اسلام میں میں ملکہ نام روشن کر رہا ہے ہمارے ہاں 25ہزار سے زائد مدارس رجسٹرڈ ہے جن کے امتحانات کے لئے 2 ہزار سے زائد امتحانی مراکز قائم کیے جاتے ہیں اور طالب علموں سے پرامن طریقے سے امتحان لے جاتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وفاق المدارس کے زیر اہتمام سالانہ ایک لاکھ سے زائد حافظ قرآن تیار کیے جاتے ہیں جبکہ پچیس ہزار سے زائد عالم دین اور مفتی فارغ التحصیل ہوتے ہیں۔اس موقع پر وفاق المدارس اسلام آباد کے ناظم مولانا ظہور علوی، مولانا نذیر فاروقی اور اسلام آباد راولپنڈی کے مدارس کے مہتمم ان کے ہمراہ تھے۔