چھ نئے ورکرز ماڈل سکول اور 7 نئے انٹرمیڈیٹ کالج قائم کئے جائیں گے، صوبائی وزیر برائے محنت اور افرادی قوت

بدھ 15 مئی 2019 16:17

چھ نئے ورکرز ماڈل سکول اور 7 نئے انٹرمیڈیٹ کالج قائم کئے جائیں گے، صوبائی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2019ء) صوبائی وزیر برائے محنت اور افرادی قوت غلام مرتضی بلوچ نے کہا ہے کہ اچھی تعلیم مزدوروں کے بچوں کا بنیادی حق ہے اور محکمہ محنت مزدورں کے بچوں کو تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں سیکرٹری محنت سندھ عبد الرشید سولنگی اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نئے ورکرز ماڈل سکول سائٹ کراچی، جیکب آباد، گھوٹکی، شکار پور، نوڈیرو اور میرپور ماتھیلو میں قائم کئے جائیں گے جبکہ نئے انٹرمیڈیٹ کالج سائٹ کراچی، نارتھ کراچی، کورنگی کراچی، لانڈھی کراچی، گھوٹکی، حیدرآباد اور سکھر میں قائم کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر برائے محنت اور افرادی قوت غلام مرتضی بلوچ نے مذید کہا کہ محکمہ محنت سندھ نے ورکرز کے رہائش کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں اور اس مقصد کے لئے نئی لیبر کالونیاں تعمیر کی جارہی ہیں۔ اس موقع پر اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے سیکرٹری محنت سندھ عبد الرشید سولنگی نے بتایا کہ نئی لیبر کالونیاں بن قاسم کراچی، گھوٹکی، کوٹری، ٹنڈو محمد خان اور ٹنڈو الہ یار میں تعمیر کی جارہی ہیں اور ان کالونیوں میں مجموعی طور پر8 ہزار سے زائد فلیٹس تعمیر کئے جائیں گے۔

صوبائی وزیر برائے محنت اور افرادی قوت غلام مرتضی بلوچ نے کہا کہ ان تمام لیبر کالونیوں اور فلیٹس میں انفراسٹرکچر کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ محنت سندھ کے زیر اہتمام چلنے والے تمام تعلیمی اداروں میں اعلی معیار کی تعلیم دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ مزدور کا بچہ مزدور نہ بنے بلکہ تعلیم حاصل کرکے زندگی گزارنے کے بہتر مواقع حاصل کرسکے۔

متعلقہ عنوان :