گندم خریداری مہم کی روزانہ کی بنیاد پر کڑی مانیٹرنگ کی جارہی ہے :صوبائی سیکرٹری کواپرٹیو

بدھ مئی 16:55

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2019ء) صوبائی سیکرٹری کواپرٹیو منصور قادر نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں گندم خریداری مہم کی روزانہ کی بنیاد پر کڑی مانیٹرنگ کی جارہی ہے تاکہ کسی بھی جگہ کاشتکار وں کو دقت یاپریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے یہ بات آسیانوالہ گند م خریداری مرکز پرضروری انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سلوت سعید اور ڈسٹرکٹ فورڈ کنٹرولر(ڈی ایف سی) شمائلہ بانو سمیت متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔ سیکرٹری کواپرٹیو نے کہاکہ حکومتی ادارے کاشتکاروں سے مکمل رابطہ میں ہیں ان کے مفادات کا ہر ممکن خیال رکھتے ہوئے ان کیلئے آسانیاں پیدا کی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ گندم کی سرکاری خریداری کے سلسلے میں حکومت پنجاب کی یونیفارم پالیسی پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جارہاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے گندم کے ذخیرہ کے لئے ضروری انتظامات کا جائزہ لینے کے علاوہ کنڈوں کو بھی چیک کیا ۔ اس موقع پر ڈی ایف سی شمائلہ بانو نے بریفنگ میں بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع بھر میں گندم خریداری اوپن کر دی گئی ہے ۔ کاشتکاروں میں اب تک آٹھ لاکھ چھ ہزار 576 بوری باردانہ تقسیم کیا جاچکاہے جبکہ 43ہزار 412 میٹرک ٹن یعنی چار لاکھ 34 ہزار 125 بوری گندم خریدی جاچکی ہے ۔

انہوں نے بتا یا کہ کاشتکاروں سے گندم کا ایک ایک دانہ خریدا جائیگا جس کیلئے تمام مشینری متحرک ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گندم ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف بھی بھر پور اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔ بعدازاں صوبائی سیکرٹری کواپرٹیو منصور قادر نے ڈپٹی کمشنر سلوت سعید کے ہمراہ رمضان بازارشاہین چوک کا بھی دورہ کیا ۔ انہوں نے مختلف سٹالز کا معائنہ کرنے کے علاوہ صارفین سے رمضان بازاروں کے بارے پوچھا ۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ سستے رمضان بازار غریب عوام کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت رمضان بازاروں پر اربوں روپے کی سبسڈی دے رہی ہے او را س کے ثمرات عام صارف تک پہنچانے کیلئے فول پروف انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔