منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افرادکے خلاف گھیرا مزید تنگ23 ملزمان گرفتار

بدھ 15 مئی 2019 17:15

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2019ء) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاون کے دوران 23 مزید ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان کے قبضہ سے مجموعی طو ر پر7کلو گرام سے زائد اعلی کوالٹی چرس ،16 عدد پستول ،ایک عدد کلاشنکوف، 2 عدد بندوق اور سینکڑوں عدد مختلف بور کے کارتوس بھی برآمد کر لئے گئے ، تمام گرفتار افراد نے ابتدائی تفتیش کے دوران منشیات کے مکروہ دھندہ اور دیگر جرائم میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے جن کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کیلئے حوالات منتقل کر دیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق پشاور پولیس نے سی سی پی او قاضی جمیل الرحمان کی خصوصی ہدایت پر ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی کی نگرانی میں منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لاتے ہوئے متعدد کامیاب کارروائیاں کی ہیں ، جس کے دوران ڈی ایس پی چمکنی حیدر خان کی سر براہی میں ایس ایچ او تھانہ چمکنی نعیم حیدر خان نے دیگر پولیس نفری کے ہمراہ مختلف کارروائیوں کے دوران2 مشہور منشیات فروشوں حیدر علی اور مسعود کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 3 کلو گرام چرس ،تھانہ ارمڑ پولیس نے ملزم انعام کو گرفتار کوکرے دو کلو گرام چرس ، تھانہ سربند پولیس نے منشیات فروش معراج کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک کلو گرام چرس، آغہ میر جانی شاہ پولیس نے ملزم عبد الرحیم ولد فضل رحیم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے دو کلو گرام چرس برآمد کر لی، اسی طرح تھانہ پھندو،تھانہ حیات آباد،تھانہ خزانہ اور تھانہ شرقی پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران4 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے مجموعی طور پر5 کلو گرام چرس اور ہزاروں روپے مالیت کی آئس اور ہیروئن بھی برآمد کی ہے ۔

(جاری ہے)

امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کی خاطر مختلف تھانوں کی حدود میں ہونے والی کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر25 جرائم پیشہ افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے جن کے قبضہ سی23عدد پستول ،2 عدد کلاشنکوف،4 عدد رافل،2 عدد بندوق، ایک عدد کالاکوف اور سینکڑوں عدد مختلف بور کے کارتوس بھی برآمد کر لئے گئے، تمام گرفتار افراد نے ابتدائی تفتیش کے دوران منشیات کے مکروہ دھندہ اور دیگر جرائم میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے جن کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کیلئے حوالات منتقل کر دیا گیا۔