Live Updates

حکومت کا ڈالر مارکیٹ ریٹ سے مہنگا فروخت کرنے والی ایکسچینج کمپنیوں کے خلاف کاروائی کا فیصلہ

ٹیسٹ شدہ کرنسی ریٹ سے انحراف کرنے والی کمپنیوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 15 مئی 2019 17:29

حکومت کا ڈالر مارکیٹ ریٹ سے مہنگا فروخت کرنے والی ایکسچینج کمپنیوں ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 مئی 2019ء ) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کرنسی ریٹ کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر، گورنر اسٹیٹ بینک، ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی جی آئی بی شریک ہوئے، اجلاس میں سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف  پاکستان کے وفدنے بھی شرکت کی۔حکومت نے ڈالر مارکیٹ ریٹ سے مہنگا فروخت کرنے والی ایکسچینج کمپنیوں کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کیا  ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ٹیسٹ شدہ کرنسی ریٹ سے انحراف کرنے والی کمپنیوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔جب کہ ایمنسٹی سکیم کے تحت اثاثے ظاہر نہ کرنے والوں کے خلاف مجوزہ کاروائی پربھی غورکیا گیا۔اجلاس میں وفد نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایس ای سی پی مقررہ حد سے زیادہ کرنسی فروخت کرنے والی کمپنیوں کا ساتھ نہیں دے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ڈالر کی مارکیٹ قیمت خرید 143 روپے 50 پیسے اور قیمت فروخت 144 روپے ہے۔

سعودی ریال کی قیمت خرید 38 روپے 20 پیسے اور قیمت فروخت 38 روپے 35 پیسے ہے۔وزیراعظم عمران خان سے کرنسی ڈیلرز عہدیداروں کی ملاقات ہوئی۔جس میں اتفاق کیا گیا کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 143 روپے 50 پیسے اور قیمت فروخت 140روپے رہے گی۔جب کہ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں دو روپے پچیس پیسے کمی ہوئی جس کے بعد ڈالر دوبارہ 144 روپے کا ہو گیا۔ اوپن مارکیٹ میں تیزی کے بعد ڈالر کی قیمت میں کمی ہوئی۔ یاد رہے کہ آج صبح کاروباری دن کے آغاز پر اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں دو روپے کا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد ڈالرکی قیمت 146 روپے ہو گئی تھی تاہم مارکیٹ میں تیزی کے بعد ڈالر کی قیمت دوبارہ 144 روپے کی سطح پر واپس آ گئی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات