Live Updates

رمضان المبارک میں عوام کو یوٹیلٹی سٹور ز اور رمضان بازاروں کے ذریعے خصوصی ریلیف فراہم کیا جارہا ہے، میاں فرخ حبیب

بدھ 15 مئی 2019 17:55

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2019ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ریلویز میاں فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر رمضان المبارک میں عوام کو یوٹیلٹی سٹوروں اور رمضان بازاروں کے ذریعے خصوصی ریلیف فراہم کیا جارہا ہے ۔ اس سلسلے میں عوام الناس کو سستے داموں اشیائے خوردونوش کی فراہمی کے لئے صوبہ پنجاب میں 309 رمضان بازار کامیابی سے چل رہے ہیں ۔

عید الفطر کے ایام میں ان بازاروں کو عید بازاروں میں تبدیل کر دیا جائے گا ۔ یہ بات انہوںنے رمضان بازار ڈی ٹائپ کالونی آئرن مارکیٹ کے معائنہ کے دوران صارفین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طارق نیازی اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ انہوں نے اپنے معائنہ کے دوران سبزیوں ‘ پھلوں ‘ آٹے ‘ چینی کے سٹالز پر جا کر وہاں فروخت کے لئے رکھی گئی اشیاء کی کوالٹی اور قیمتوں کا جائزہ لیا اور پیکٹس میں دستیاب اشیاء کے اوزاں بھی چیک کئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے سٹال ہولڈرز کو ہدایت کی کہ حکومت پالیسی کے مطابق معیاری اور سستی اشیاء عوام الناس کو ہر صورت مہیا کی جائیں تاکہ عوام الناس حقیقی ریلیف سے مستفید ہو سکیں ۔ انہوںنے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو معیاری اور سستی اشیاء خو ردونوش کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عام مارکیٹ میں بھی اشیاء خوردو نوش کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جائے ۔ غیر معیاری اور مہنگے داموں اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے ضلع فیصل آباد میں ڈپٹی کمشنر سردار سیف الله ڈوگر ‘ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران و ملازمین بہترین و مثالی رمضان بازاروں کے انعقاد کرنے پر بھر پور تعریف بھی کی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات