مولانا خادم رضوی کو جیل سے رہا کر دیا گیا

15جولائی تک ضمانت منطور ہونے کے بعد خادم رضوی کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا ہے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 15 مئی 2019 18:49

مولانا خادم رضوی کو جیل سے رہا کر دیا گیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15مئی2019ء) عدالت نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ مولانا خادم حسین رضوی اور مرکزی رہنما پیر افضل قادری کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سناتے ہوئے دونوں رہنماؤں کی 15جولائی تک ضمانت منظور کر لی تھی اور ساتھ ہی دونون رہنماؤں کی رہائی کا حکم دیا تھا۔ ہائی کورٹ نے دونوں درخواست گزاروں کو 5، 5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم بھی دیا ہے۔

عدالت سے ضمانت کے احکامات ملنے کے بعد ضابطے کی کارروائی مکمل کرتے ہوئے علامہ خادم حسین رضوی کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا گیا۔ حفاظت کے پیش نظر خادم حسین رضوی کو کوٹ لکھپت جیل کے دوسرے گیٹ سے جیل سے باہر نکالا گیا۔ واضح رہے کہ خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری سمیت پارٹی کے اہم رہنماوٴں کے خلاف بغاوت اور دہشت گردی کے مقدمات درج ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ ہفتے دونوں رہنماؤں نے ججز اور فوج کے خلاف متنازع تقریر پر معافی مانگی تھی اور پیر افضل قادری نے تحریک لبیک چھوڑنے کا بھی اعلان کیا تھا۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ علامہ خادم حسین رضوی کی ضمانت کا عدالتی فیصلہ خوش آئند ہے۔ تحریک لبیک کے سربراہ کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھنے والے قومی مجرم ہیں۔

حکومت آئی ایم ایف کی شرائط پر قوم کو اعتماد میں لے۔ آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد غربت اور بے روزگاری بڑھے گی۔ فاٹا کو قومی دھارے میں لانا لائق تحسین ہے۔ امریکی دباؤ پر پاک ایران گیس منصوبے کو رول بیک کرنا ملکی مفاد میں نہیں۔ ملک میں دہشت گرد پھر سر اٹھا رہے ہیں۔ لاہور، گوادر اور کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعات کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سمن آباد میں ترجمان سنی اتحاد کونسل راؤ حسیب احمد کی رہائش گاہ پر افطار ڈنر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔