کے الیکٹرک نے ساتویں کارپوریٹ ٹی ٹوئنٹی کپ میں نیشنل بینک کو شکست دے کر سیمی فا ئنل میں جگہ بنا لی

بدھ 15 مئی 2019 22:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2019ء) کے الیکٹرک نے معین خان اکیڈمی ،کراچی میں کھیلے جانے والے ساتویں کارپوریٹ ٹی ٹوئنٹی کپ کے اپنے دوسرے میچ میں نیشنل بینک آف پاکستان کو 51رنز سے شکست دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔میچ کی خاص بات رمیز عزیز کے 56رنز تھے جبکہ عمیر یوسف نے بھی رمیز عزیزکا بھر پور ساتھ دیتے ہوئے 35 رنز اسکور کیے جس کی بدولت کے الیکٹرک نے اسکور 172 رنزتک پہنچا دیا۔

کے الیکٹرک کے بولرز محمد عمران ، آغا سلمان اور محمد محسن نے کامیابی سے مقررہ ہدف کا دفاع کیا اور تینوں بولروں نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین تین وکٹ حاصل کر کے مخالف ٹیم کو آؤٹ کر دیا۔ مین آف دی میچ رمیز عزیز نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہایہ انتہائی زبردست میچ تھا اور دفاعی چیمپئن کے طور پر ہمیں توقع ہے کہ ہم اپنی ٹاپ پوزیشن برقرار رکھیں گے۔

(جاری ہے)

‘‘ٹیم کے کپتان، حسان خان نے کہاکہ ،’’اس کامیابی سے ظاہر ہوتا ہے کہ کے الیکٹرک ، پاکستان کیلئے مستقبل کے چیمپئنز تیار کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہ کہا کہ ہماری ٹیم میں بھرپور جذبہ موجود ہے اور یہ ہماری مینجمنٹ کی بدولت ہے جو مقامی ٹیلنٹ کو تیار کرنے کیلئے نوجوانوںکو بااختیار بنانے میں مصروف ہے۔حسان خان کو کے الیکٹرک نے چار سال تک تربیت فراہم کی ہے اور وہ انڈر 19 ورلڈ کپ اور پاکستان سپر لیگ میں بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

کے الیکٹرک ساتویں کارپوریٹ ٹی ٹوئنٹی کپ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر چکا ہے جو 17مئی کو معین خان اکیڈمی ، کراچی میں کھیلا جائے گا۔ تاہم، سیمی فائنلز سے پہلے، کے الیکٹرک اپنا اگلا لیگ میچ سوئی سدرن گیس کمپنی کے خلاف 15مئی کو معین خان اکیڈیی ، کراچی، میں ہی کھیلے گا۔ یہ کارپوریٹ ٹی ٹوئنٹی کپ کا ساتواں ایڈیشن ہے جو 18مئی تک کراچی میں کھیلا جائے گا۔