Live Updates

علیم خان کی رہائی کے بعد خواجہ سعد رفیق کو بھی خوشخبری سنا دی گئی

تحریک انصاف کے رہنما کی ضمانت کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما کی ضمانت کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں: نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ

muhammad ali محمد علی بدھ 15 مئی 2019 23:20

علیم خان کی رہائی کے بعد خواجہ سعد رفیق کو بھی خوشخبری سنا دی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی2019ء) علیم خان کی رہائی کے بعد خواجہ سعد رفیق کو بھی خوشخبری سنا دی گئی، نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما کی ضمانت کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما کی ضمانت کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جہاں ایک طرف آصف زرداری کی ضمانت میں توسیع ہوئی اور تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کو رہائی ملی ہے، وہیں اب مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کیلئے بھی رہائی کی امید پیدا ہوگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے عدالت سے ضمانت حاصل کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ اب دیکھنا ہے کہ آیا خواجہ سعد رفیق کو آنے والے دنوں میں عدالت سے کوئی اچھی خبر سننے کو ملتی ہے یا نہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ بدھ کے روز لاہور ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں عبد العلیم خان کی درخواست ضمانت منظور کر لی‘ عدالت نے عبد العلیم خان کو10 لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کر دی ،ْ ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

نیب کی جانب سے عبدالعلیم خان کے مبینہ مشکوک بینک ٹرایکشنزاور سرمایہ کاری کی تفصیلات عدالت میں پیش کی گئیں۔ نیب کے تفتیشی افسر نے بتایا عبد العلیم خان کے ذرائع آمدن اور اخراجات میں توازن نہیں،کئی ملین کے اثاثے ظاہر نہیں کئے گئے ،ْ مختلف ممالک سے آفشور کمپنیوں کے حوالے سے ریکارڈ منگوا رہے ہیں، موصول ہونے پر ریفرنس فائل کردیا جائے گا۔

عبد العلیم خان کے وکلاء نے کہا کہ کسی کو بھی غیر معینہ مدت کے لیے جیل میں نہیں رکھا جاسکتا ،ْ آمدن سے زائد اثاثے کا الزام غلط ہے، عبد العلیم خان کے ذرائع آمدن اگر ان کے اثاثوں سے زائدہیں تو نیب کیس چلائے ہم سامنا کریں گے مگر عدالت سے استدعا ہے عبدالعلیم خان کو ضمانت پر رہا کرے ۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا عبد العلیم خان نے 2002 ء میں الیکشن لڑا اس وقت ان کے اثاثے 5.4 ملین تھے، وزیر بننے کے بعدان کے اثاثوں میں اضافہ ہوا۔

عبد العلیم خان کو ان کے والدین کی جانب سے بیرون ملک سے جو رقوم آئیں اب تک ان کا ثبوت نہیں دیا گیا اور نہ ہی آج تک یہ بتایا گیا کہ بیرون ملک سے یہ رقوم کس نے بھیجیں۔ عدالت نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے عبد العلیم خان کی ضمانت منظور کرلی۔ یاد رہے کہ عبد العلیم خان کو نیب کی جانب سے آمدنی سے زائد اثاثے کیس میں 6 فروری کو گرفتار کیا گیا تھا، نیب ابھی تک عبد العلیم خان کا ریفرنس عدالت میں دائر نہیں کرسکا جبکہ نیب نے عبد العلیم خان کی آفشور کمپنیوں کی تفصیلات کے حصول کیلئے متحدہ عرب امارات اور برطانیہ کو خطوط بھی لکھ رکھے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات