شام میں امریکی فوج کی موجودگی پر روس کو تشویش

جمعرات 16 مئی 2019 09:30

ماسکو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2019ء) روس نے شام میں امریکی فوج کی موجودگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے کہا ہے کہ شام کے علاقے مشرقی فرات میں امریکی فوجیوں کی موجودگی پر ماسکو کو گہری تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کا یہ اقدام شام کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کے سراسر منافی ہے۔

(جاری ہے)

سرگئی ریابکوف نے کہا کہ ایران، روس اور ترکی، آستانہ مذاکرات کے ضامن کی حیثیت سے شام کے بحران کو سیاسی اور عملی طریقے سے حل کرنے کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ مسلسل صلاح و مشورہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک شام کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندہ کے تعاون سے شام میں آئین ساز کونسل کے قیام کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ اس ملک میں متفقہ طور پر آئینی اصلاحات کا کام انجام پاسکے۔ دوسری جانب روس کے صدر ولادیمیرپوتن نے سوچی میں امریکی وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں شام کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کا احترام کیے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔