یورپ پر فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جرائم کی پردہ پوشی کا الزام

جمعرات 16 مئی 2019 10:30

غزہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2019ء) فلسطین کی بین الاقوامی تعلقات عامہ کونسل نے یورپی یونین کے اشتراک سے اسرائیل میں موسیقی میلے کے انعقاد کی شدید مذمت کرتے ہوئے یورپی ملکوں پر اسکے جرائم کی پشت پناہی کا الزام عائد کیا ہے۔

(جاری ہے)

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق تعلقات عامہ کونسل کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تل ابیب میں یورپی ملکوں کے تعاون سے لگایا گیا 'یورو ویژن' نامی موسیقی میلہ اسرائیلی ریاست کے مکروہ جرائم کی پردہ پوشی کرنے اور اسرائیل کی دنیا میں ساکھ بہتر بنانے کی کوشش ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یورپی ملکوں کے موسیقار ایک ایسے وقت میں تل ابیب میں اپنے فن کا مظاہرہ پیش کر رہے ہیں جب دوسری جانب اسرائیل فلسطینی عوام پر بدترین مظالم ڈھا رہی ہے۔ غزہ کا محاصرہ جاری ہے اور ہزاروں فلسطینی غیر انسانی حالات میں اسرائیلی عقوبت خانوں میں پابند سلاسل ہیں۔ ان حالات میں یورپ کا تل ابیب میں موسیقی میلہ سجانا فلسطینیوں کے حقوق کو نظر انداز کرنے کی سازشوں کو آگے بڑھانا اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جرائم کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔