FATF کے اجلاس میں پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دے دیا

اجلاس کے دوران بھارتی ماہرین نے غیر ضروری اعتراضات اُٹھائے تھے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 16 مئی 2019 10:43

FATF کے اجلاس میں پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دے دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 مئی 2019ء) : فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ( ایف اے ٹی ایف) کے اجلاس میں پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دے دیا تفصیلات کے مطابق چین کے شہر گوانگ زو میں ہونے والے ایف اے ٹی ایف اجلاس میں سیکرٹری خزانہ یونس ڈھاگہ کی قیادت میں 12 رکنی پاکستانی وفد نے شرکت کی۔ آسٹریلیا، ملائیشیا، ترکی، امریکہ ، چین ، بھارت، جرمنی اور برطانیہ کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ بھارت پاکستان کے خلاف اجلاس میں 6 رکنی وفد لے کر آیا۔

بھارتی وفد میں کسٹم ، بینکنگ اور ٹیکس کے ماہرین شامل تھے ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کو دہشتگردی کے خلاف اپنے اقدامات سے آگاہ کیا۔ جبکہ اجلاس کو کرنسی اسمگلنگ کی روک تھام اورمدارس اصلاحات پر بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران بھارتی ماہرین نے غیر ضروری اعتراضات اٹھائے لیکن پاکستان نے ان اعتراضات کا بھرپور جواب دیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان نے یقین دہانی کروائی کہ کرنسی اسمگلنگ روکنے کے لیے اندرونی اور بیرونی راستوں کو فعال کیا جائے گا۔ مذاکرات کے دو سیشن ہوئے جس میں پاکستان نے 27 نکاتی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے بارے میں پیشرفت رپورٹ بھی پیش کی۔ پاکستان اور ایشیا پیسفک گروپ کے درمیان مذاکرات آج بھی جاری رہیں گے جنہیں’’ فیس ٹو فیس‘‘ کا نام دیا گیا ۔

ذرائع کے مطابق چین میں پاکستانی وفد کے ایف اے ٹی ایف حکام سے غیر رسمی مذکرات بھی ہوئے جو ساڑھے چھ گھنٹے تک جاری رہے ۔ پاکستانی وفد کو ایشیا پیسفک گروپ کی جانب سے آج ہونے والے باضابطہ مذاکرات کے بارے میں رہنمائی بھی فراہم کی گئی تھی اور امریکی نمائندوں نے پاکستانی وفد کو مختلف معاملات پر کونسلنگ فراہم کی۔ ذرائع کے مطابق دو رز تک جاری رہنے والے مذاکرات میں ایف اے ٹی ایف سے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

خیال رہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے ملنے والا قرضہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (FATF) کی کلئیرنس سے مشروط ہے۔ لیکن بھارت ہے کہ اپنی ہٹ دھرمی سے باز نہیں آتا۔بھارت کسی صورت بھی پاکستان کو کسی سطح پر کامیاب ہوتا نہیں دیکھ سکتا، یہی وجہ ہے کہ جب سے پاکستان نے مالی امداد کے لیے آئی ایم ایف کے پاس جانے کا فیصلہ کیا ہے تب سے ہی بھارت کی ایک لابی آئی ایم ایف قرض رکوانے کے لیے سرگرم ہوچکی ہے ، اسی پلان کے تحت ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں بھی بھارت نے غیر ضروری اعتراضات اُٹھائے لیکن پاکستان کے جوابات نے بھارت کو منہ کی کھانے پر مجبور کر دیا۔