ڈالر کی اونچی اڑان، انٹر بینک میں ڈالر 148روپے کا ہو گیا

انٹر بینک میں ڈالر 6 روپے 61 پیسے مہنگا جب کہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 3 روپے مہنگا ہو گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 16 مئی 2019 10:54

ڈالر کی اونچی اڑان، انٹر بینک میں ڈالر 148روپے کا ہو گیا
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 مئی 2019ء) : انٹرا بینک اور اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا ریٹ مزید بڑھ گیا۔روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 6 روپے 61پیسے مہنگا ہو گیا ہے جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر 148 کا ہو گیا ہے۔جب کہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 3 روپے مہنگا ہو گیا ہے جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت  147 روپے ہو گئی ہے ۔

گذشتہ روز بھی ڈالر کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔ گذشتہ روز ڈالر کی قدر میں ڈھائی روپے کا اضافہ ہوا تھا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر ڈھائی روپے بڑھنے کے بعد ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 146 روپے 25 پیسے پر پہنچ گیا تھا لیکن کاروبار کے اختتام پر اوپن مارکیٹ میں تیزی کی وجہ سے ڈالر کی قدر میں ڈھائی روپے کمی دیکھنے میں آئی اور ڈالر پھر سے 144 روپے پر آ گیا تھا البتہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت مستحکم رہی۔

(جاری ہے)

تاہم اب ایک بار پھر ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہو گیا ہے۔جب کہ دوسری جانب حکومت نے ڈالر مہنگا بیچنے والی کمپنیوں نے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ روپے کے مقابلے میں غیر ملکی کرنسیوں کی قدر میں اضافے کے حوالے سے وزیراعظم کی زیرصدارت اعلٰی سطح اجلاس گذشتہ روز ہوا۔ا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ طے شدہ کرنسی ریٹ سے انحراف کرنے والی کمپنیوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔

مارکیٹ سے زائد ڈالر فروخت کرنے والی ایکس چینج کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ای کیپ کے وفد نے یقین دہانی کروائی کہ مقررہ ریٹ سے زیادہ پر کرنسی فروخت کرنے والی کمپنیوں کا ساتھ نہیں دے گی۔ اجلاس میں ایمنسٹی سکیم کے تحت اثاثے ظاہر نہ کرنے والوں کے خلاف مجوزہ کارروائی پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈالر کی مارکیٹ قیمت خرید 143 روپے 50 پیسے جبکہ قیمت فروخت 144 روپے ہے ، اسی طرح سعودی ریال کی قیمت خرید 38 روپے 20 پیسے جبکہ قیمت فروخت 38 روپے 35 پیسے ہے ۔