ْامریکا نے ہواوے کو بلیک لسٹ کر دیا، چینی سٹاک مارکیٹ میں کمپنی کے حصص کی قیمتیں گر گئیں

جمعرات 16 مئی 2019 11:00

واشنگٹن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2019ء) امریکا نے چین کی ٹیلی کام کمپنی ہواوے کو بلیک لسٹ کر دیا ہے جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی کشیدگی میں شدت آگئی ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی طرف سے یہ اقدام ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب امریکی وزیر خزانہ سٹیون منچن تجارتی مذاکرات کے لئے چین کا دورہ کرنے والے ہیں۔

امریکا کے کامرس ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہواوے ٹیکنالوجیز کمپنی لمیٹڈ اور اس سے وابستہ 70 اداروں کو اینٹیٹی لسٹ میں شامل کر دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں ہواوے امریکی حکومت کی اجازت کے بغیر کسی امریکی کمپنی سے پرزے یا ٹیکنالوجی حاصل نہیں کر سکے گی۔امریکی وزیر تجارت ولبر راس نے ایک بیان میں کہا صدر ٹرمپ نے امریکی ٹیکنالوجی کو غیر ملکی اداروں کے ایسے استعمال سے بچانے کے فیصلے کی حمایت کی ہے جس سے امریکا کے قومی سلامتی کے مفادات یا امریکی خارجہ پالیسی کے مفادات کو خطرہ لاحق ہو۔

(جاری ہے)

امریکی صدر نے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر بھی دستخط کئے جس کے تحت امریکی کمپنیوں پر کسی بھی ایسی کمپنی کے ٹیلی کمیونیکیشنز آلات کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جو امریکا کی قومی سلامتی کے لئے خطرہ ہوں۔امریکی حکام ماضی میں بھی ہواوے کو خطرہ قرار دے کر اپنے اتحادیوں پر ہواوے کو فائیو جی نیٹ ورک میں استعمال نہ کرنے پر قائل کرتے رہے ہیں۔

ادھر ہواوے کا موقف ہے کہ وہ کسی کی سلامتی کے لئے خطرہ نہیں اور اس حوالے سے امریکی حکام کے خدشات دور کرنے کے لئے بات چیت اور موثر اقدامت کرنے پر تیار ہے۔ہواوے کی طرف سے مزید کہا گیا ہے کہ اس پر پابندی سے امریکی حکام فائیو جی پر منتقل ہونے والی امریکی کمپنیوں کے لئے مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔امریکی اقدام کے بعد چینی سٹاک مارکیٹ میں ہواوے کے حصص کی قیمتیں گر گئی ہیں۔