عوامی مجلس عمل کی طرف سے ہفتہ شہادت کے پروگراموں کا اعلان، کشمیریوں سے 21 مئی کو مکمل ہڑتال کرنے کی اپیل

جمعرات 16 مئی 2019 11:40

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2019ء) مقبوضہ کشمیرمیںمیر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم عوامی مجلس عمل نے معروف حریت رہنمائوں میر واعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کی شہادت کی برسیوں کے موقع پر منائے جانیوالے ہفتہ شہادت کے سلسلے میں مختلف پروگراوموں کا اعلان کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ مولوی محمد فاروق کو 21 مئی 1990 ء کو نامعلوم مسلح افراد نے سرینگر میں انکی رہائش گاہ میں پر گولی مار کر شہید کردیا تھا ۔

بھارتی فوجیوں نے سرینگر کے علاقے حول میں ان کے جنازے پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 70 سوگواروں کو شہید کر دیا تھا۔ خواجہ عبدالغنی لون کو 21 مئی2002ء کو نامعلوم حملہ آوروں نے اس وقت شہید کر دیا تھاجب وہ مزار شہداء سرینگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کے بعد واپس آرہے تھے۔

(جاری ہے)

عوامی مجلس عمل نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں میرواعظ مولوی محمد فاروق ، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیری شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

بیان میں کہاگیا ہے کہ ہفتہ شہادت کا آغاز 18 مئی بروز ہفتہ کو مرکزی جامع مسجد سرینگر اور عوامی مجلس عمل کے مرکزی اور تمام ضلعی و تحصیل دفاتر پر قرآن خوانی اور دعائیہ مجالس کے ساتھ ہوگا جبکہ انجمن اوقاف جامع مسجد کے زیر اہتمام مقابلہ حسن قرآت کی محفل مرکزی جامع مسجد سرینگر میں منعقد ہوگی۔19 مئی کو حریت ہیڈ کوارٹر راجباغ سرینگرمیںمیر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم کے زیر اہتمام ایک سیمینار منعقد کیا جائیگا جس میں سرکردہ حریت رہنما میرواعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدلغنی لون اورشہدائے حول کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔

20 مئی کو انجمن نصرت الاسلام کے زیر اہتمام اسلامیہ ہائیر سیکنڈری سکول راجوری کدل کے آڈیٹوریم میں ایک اصلاحی سیمینار’’ عمل سے زندگی بنتی ہے جنت بھی جہنم بھی ‘‘ منعقد ہوگا۔ اس موقعہ پر مجلہ نصرت الاسلام کا خصوصی شہید ملت ایڈیشن بھی جاری کیا جائیگا جبکہ اسی روز بعداز نماز ظہر عوامی مجلس عمل کے زیر اہتمام تنظیم کے مرکزی دفتر میرواعظ منزل راجوری کدل میںکارکنوںکا اجلاس بھی منعقد ہوگا۔

عوامی مجلس عمل کے بیان کے مطابق 21 مئی کو میرواعظ مولوی محمد فاروق ،خواجہ عبدالغنی لون ، شہدائے حول اور جملہ کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پورے مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی جائیگی اور بعد ازنماز ظہر عیدگاہ سرینگرمیں اجتماعی فاتحہ خوانی اور اسکے فوراً بعد سرکردہ حریت قائدین جلسہ عام سے خطاب کریں گے جس میںشہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے اجتماعی طور پرتجدید عہد کیا جائیگا۔

عوامی مجلس عمل نے افسوس ظاہر کیاکہ گزشتہ 28 برس کے دوران پہلی مرتبہ قابض انتظامیہ نے محکمہ صحت کے ڈاکٹر وں کومیر واعظ محمد فاروق کی برسی کے موقع پر منعقد کئے جانیوالے مفت طبی اور عطیہ خون کیمپ میں شرکت سے روک دیاہے۔ کیمپ میں ہزاروں غریبوں اور ضرورتمند بیماروں کا نہ صرف مفت علاج و معالجہ کیا جاتا تھا بلکہ ان ہیںمفت ادویات بھی تقسیم کی جاتی تھیں ۔ ادھر غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنماء ایڈووکیٹ شاہد الاسلام نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے جاری ایک پیغام میں میر واعظ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔