امام الحق نے وہ ریکارڈ بنا ڈالا جو کوہلی اور ڈیویلیئرز کے پاس بھی نہیں

اوپنر و ن ڈے کرکٹ میں تیز ترین 6سنچریاں سکور کرنے والے بلے باز بن گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 16 مئی 2019 12:17

امام الحق نے وہ ریکارڈ بنا ڈالا جو کوہلی اور ڈیویلیئرز کے پاس بھی نہیں
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16مئی 2019ء) قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق و ن ڈے کرکٹ میں تیز ترین 6سنچریاں سکور کرنے والے بلے باز بن گئے ہیں ۔ 23سالہ امام الحق نے انگلینڈ کے خلاف تیسر ے ون ڈے میں151رنز کی باری کھیلی ،یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی چھٹی سنچری تھی جو انہوں نے محض27اننگز کھیل کر بنائی جس کے ساتھ ہی انہوں نے کم ترین اننگز میں6ون ڈے سنچریاں بنانے کا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا ،ان سے قبل یہ ریکارڈ سری لنکا کے اپل تھرنگا کے پاس تھا جنہوں نے 29اننگز کھیل کر یہ کارنامہ سر انجا م دیا تھا ، پاکستان کے بابر اعظم نے 32اننگز کھیل کر یہ ریکارڈ بنایا تھا ، جنوبی افریقہ کے ہاشم آملا نے 34اننگز کھیل کر اپنی چھ سنچریاں سکور کی تھیں جبکہ پروٹیز وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کوک نے 35اننگز کھیل کر یہ کارنامہ سر انجا م دیا تھا ،امام الحق اب تک27ون ڈے میچز کی 27اننگز میں4مرتبہ ناٹ آﺅٹ رہتے ہوئے60.04کی اوسط سے1381رنز سکورکرچکے ہیں جن میں6سنچریاں اور5نصف سنچریا ں شامل ہیں،انہوں نے یہ رنز82.20کے سٹرائیک ریٹ سے بنائے ہیں۔

(جاری ہے)

امام الحق ون ڈے کرکٹ میں 150رنز سکور کرنے والے کم عمر ترین پاکستانی کھلاڑی بھی بن گئے ہیں ،وہ یہ کارنامہ سر انجام دینے والے 5ویں پاکستانی بلے باز ہیں ،انہوں نے23سال 153دن کی عمر میں یہ اعزاز اپنے نام کیا،یہ ”سینا ئی ممالک“(انگلینڈ،آئر لینڈ،جنوبی افریقہ،آسٹریلیا،نیوزی لینڈ) میں کسی بھی پاکستانی بلے باز کی جانب سے بنایا گیا دوسرا بہترین انفرادی سکور ہے،اس سے قبل شرجیل خان اگست 2016ءمیں آئر لینڈ کےخلاف152رنز کی باری کھیل چکے ہیں ،وہ 27میچز کے بعد ون ڈے میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں ۔