نواز شریف نے پارٹی کو عید کے بعد حکومت کے خلاف احتجاج کرنے کی اجازت دے دی

ن لیگ اب مہنگائی پر مزید خاموش نہیں رہے گی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے شاہد خاقان عباسی کو حکومت کے خلاف لائحہ عمل بنانے کی ہدایت کر دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 16 مئی 2019 14:12

نواز شریف نے پارٹی کو عید کے بعد حکومت کے خلاف احتجاج کرنے کی اجازت ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16مئی 2019ء) سابق وزیراعظم نواز شریف نے پارٹی کو عید کے بعد حکومت کے خلاف احتجاج کرنے کی اجازت دے دی۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ آج سابق وزیراعظم نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ن لیگی رہنماؤں نےملاقات کی۔نواز شریف نے ملکی معیشت کی بگڑی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے، نواز شریف کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن اب مہنگائی پر مزید خاموش نہیں رہے گی۔

حکومت نے عوام کے ساتھ جو رویہ اپنایا ہے وہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔اخبارات میں مہنگائی،ڈالر کی اڑان کا پڑھ کر بہت پریشان ہوتا ہوں۔نواز شریف نے اپنی جماعت کو عید کے بعد حکومت کے خلاف احتجاج کرنے کی اجازت دے دی۔ نواز شریف نے شاہد خاقان عباسی کو حکومت کے خلاف لائحہ عمل بنانے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

کوٹ لکھپتجیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود نے کہا کہ حکومت کے جانے کا وقت آ گیا ہے۔

نواز شریف صاحب جیل میں بیٹھے ہوئے ہیں اور یہیں سے حکومت کے خلاف تحریک کا آغاز ہو گا۔ یہ تحریک پورے پاکستان میں جائے گی اور انشاء اللہ رمضان کے بعد اب ہمارا فیصلہ ہو چکا ہے کہ ان لوگوں کو اب اور وقت نہیں دینا کیونکہ مسلم لیگ ن اب پاکستان کی عوام کو مزید مشکل میں نہیں دیکھ سکتی۔ میاں نواز شریف کی قیادت میں ہم سب پاکستان کی عوام کو ان ظالم حکمرانوں سے نجات دلائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی عوام کے لیے اگر ہمیں اکٹھا ہونا پڑا اور اکٹھے مل کر احتجاج کرنا پڑا تو اس میں کوئی مضائقہ نہیں ہے۔ اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی بھی رمضان کے بعد حکومت مخالف تحریک چلانے کا اعلان کر چکی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری نے رمضان کے بعد حکومت مخالف تحریک چلانے کا اعلان کیا تھا۔ آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت مخالف تحریک پارلیمنٹ نہیں سڑکوں پر چلائیں گے۔