سانحہ کوٹ رادھا کشن ،5 مجرمان کی پھانسی کی سزائوں کیخلاف اپیلیں خارج ،تین کی رہائی کا حکم

جمعرات 16 مئی 2019 14:42

سانحہ کوٹ رادھا کشن ،5 مجرمان کی پھانسی کی سزائوں کیخلاف اپیلیں خارج ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ کوٹ رادھا کشن کیس میں 5 مجرمان کی پھانسی کی سزائوں کے خلاف اپیلیں خارج کر دیں جبکہ تین کی رہائی کا حکم دیدیا ۔سانحہ کوٹ رادھا کشن میں سزا پانے والے آٹھ مجرمان نے سزا کے خلاف اپیلیں دائر کی تھی ،ہائیکورٹ کے جسٹس محمد قاسم خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر رکھا تھا ۔

عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے مجرم ریاض، عرفان، مہدی خان اور دیگر دو کی چار مرتبہ سزائے موت برقرار رکھی، جبکہ حنیف، حافظ، اشتیاق کی اپیلیں منظور کر کے انہیں بری کرنے کا حکم دے دیا۔انسداد دہشتگردی عدالت نے پانچوں مجرمان کو چار چار مرتبہ سزائے موت سنائی تھی،دہشتگردی عدالت نے مجرمان حارث، ارسلان اور منیر کو دو دو سال قید کی سزا سنائی تھی۔

(جاری ہے)

وکیل مجرمان نے کہا کہ انسداد دہشتگردی عدالت نے قانون کو مد نظر رکھے بغیر فیصلہ جاری کیا،تمام مجرمان کو مقدمہ میں بعد میں نامزد کیا گیا،تمام مجرمان کو بری کرنے کا حکم دیا جائے جبکہ سرکاری وکیل نے کہا کہ تمام مجرمان کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں،مجرمان کی سزا کے خلاف اپیل خارج کی جائے۔یاد رہے کہ 2014ء میں رادھا کشن میں بھٹے میں کام کرنے والے مسیحی جوڑے کو توہینِ قرآن کے الزام میں سو سے زائد مشتعل افراد نے تشدد کے بعد بھٹی میں زندہ جلا دیا تھا۔سپریم کورٹ نے واقعے کے 18 روزبعد کوٹ رادھا کشن واقعے کا از خود نوٹس لیا تھا۔اس کیس میں 105 ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا۔