مقبوضہ کشمیر ، فریڈم موومنٹ ، یوتھ فورم فار جسٹس کی تاجر نعیم احمد کے قتل کی شدید مذمت

جمعرات 16 مئی 2019 15:51

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2019ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر فریڈم موؤمنٹ کے چیئرمین محمد شریف سرتاج نے بھارتی فوج کی سرپرستی میں قائم ولیج ڈیفنس کمیٹی کے ارکان کی طرف سے بھدرواہ کے گائوں نالٹھی میں تاجر نعیم احمد شاہ کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد شریف سرتاج نے جموںمیں جاری ایک بیان میں کہا کہ ولیج ڈیفنس کمیٹی کے ارکان ہند وانتہا پسند تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے تربیت یافتہ ہیں اور انہیں بھارتی فوج کی بھی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ وی ڈی سی کے ارکان نے اب تک جموں خطے کے سینکڑوں مسلمانوں کو شہید کیا ہے اور انہوں نے ڈوڈہ، ،کشتواڑ، رام بن وغیرہ سے مسلمانوںکو بے دخل کرنے کی مہم شروع کر رکھی ہے اور اس مذموم کام میں انہیں بی جے پی کی حکومت اور بھارتی فوج کا مکمل تعاون حاصل ہے۔

(جاری ہے)

محمد شریف سرتاج نے کہا کہ وی ڈی سی والے مسلمانوں کو ہراساں کرنے اور مندروں میں اسلحہ جمع کرنے میں دن رات سرگرم نظر آرہے ہیں اور یہ کام ایک منظم سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کیا جارہا ھے تاکہ مسلم اکثریتی علاقے کو اقلیت میں بدلا جاسکے۔

محمد شریف سرتاج نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ عالمی امن کیلئے مسلسل خطرے کا باعث مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے آگے آئے۔ دریں اثنا جموں وکشمیر یوتھ فورم فار جسٹس کے چیئرمین ارشاد احمد ملک نے بھی ایک بیان میں تاجر نعیم احمد شاہ کے قتل کی شدید مذمت کی ہے ۔ انہوں نے قابض انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ دلدوز واقعے کی مجسٹریل تحقیقات کروا کر مجرموں کو قرار واقعی سزا دے۔ انہوںنے کہا کہ نعیم احمد کے بہیمانہ قتل میں ملوث فرقہ پرست عناصر کو جلد سے جلد بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے اور اگر ایسا نہ کیا گیا تو عوام سڑکوں پر نکل آئیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہو گئی۔