سندھ پولیس کرپشن کیس،ملزمان کے وکلا کی عدم حاضری پر عدالت برہم،آئندہ سماعت پر وکلا کو ہر صورت پیش ہونے کا حکم ، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ

جمعرات 16 مئی 2019 16:41

سندھ پولیس کرپشن کیس،ملزمان کے وکلا کی عدم حاضری پر عدالت برہم،آئندہ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2019ء) سندھ ہائی کورٹ نے سندھ پولیس کرپشن کیس میں ملزمان کے وکلا کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر وکلا کو ہر صورت پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔جمعرات کوسندھ ہائی کورٹ میں سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی، اے آئی جی تنویر طاہراوردیگر ملزمان کی درخواست ضمانت سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، مگر ملزمان کے وکلا عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

ملزمان کے وکلا کی عدم حاضری پر چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کہاں ہیں آپ کے وکیل انکو بولیں عدالت میں پیش ہوں اور کیس چلائیں،بہت مہلت دے دی ہے اب اور مہلت نہیں دیں گے۔عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ریفرنس کو دائر ہوئے سال ہو گیا ہے مگر درخواست ابھی تک چل رہی ہے۔

(جاری ہے)

دوران سماعت عدالت میں موجود نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ پولیس افسر تنویر احمد، عتیق الرحمن اور شفیق نے پلی بارگین کی درخواست دی ہے، جس پر ملزمان کی درخواستیں ہیڈ کوارٹر ارسال کردی ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 21مئی تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پرتمام ملزمان کے وکلا کو تیاری کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیا،واضح رہے کہ عدالت نے نیب کو ملزمان کی پلی بارگین کی درخواستوں پر 18 اپریل میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔یاد رہے کہ پولیس کرپشن کیس میں سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی،اے آئی جی تنویر طاہر اور دیگر ملزمان شامل ہیں،نیب کے مطابق ملزمان پر 15 کروڑ روپے سے زائد سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔