پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے 20رکنی سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دی دی

کمیٹی ممبران صوبائی اسمبلی کو قومی ایکشن پلان سے متعلق گزشتہ حکومتوں کے ادوار میں بنائے گئے قوانین سے متعلق آگاہی فراہم کرے گی

جمعرات 16 مئی 2019 16:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2019ء) اسلام آباد (اے پی پی )سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کی ہدایات پرسسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن(ایس اسی ڈی او) کے ساتھ ایم او یو کی روشنی میں پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے اراکین پنجاب اسمبلی پر مشتمل 20رکنی سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دی دی ہے، کمیٹی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے ، ایس ایس ڈی او ممبران صوبائی اسمبلی کو انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے بنائے گئے قومی ایکشن پلان سے متعلق گزشتہ حکومتوں کے دوران بنائے گئے قوانین سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز)، بچوں کے حقوق ، کم عمری کی شادیاں، انسانی سمگلنگ ، نوجوانوں کی ترقی، قانون کی حکمرانی ، پولیس اصلاحات ، شفافیت اور معلومات تک رسائی کا حق، ماحولیاتی تبدیلی اور آبی وسائل سے متعلق ریسرچ اور ٹریننگ کی سہولیات فراہم کریں گی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ محمد خان بھٹی کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق 20 رکنی سٹیئرنگ کمیٹی میں صوبائی وزیر تعلیم برائے خواندگی و غیر رسمی تعلیم راجہ راشد حفیظ، وزیر توانائی پنجاب محمد اختر ، ایم پی اے منان خان ،ایم پی اے سید حسن مرتضی ،ایم پی اے ملک محمد احمد خان ،ایم پی اے سید علی حیدر گیلانی ،ایم پی اے نوابزادہ وسیم خان ، ایم پی اے محمد ثاقب خورشید ، ایم پی اے محمد افضل گل ، ایم پی اے رئیس نبیل اویس ، ایم پی اے سعدیہ سہیل رانا ،ایم پی اے سیماب طاہر ،ایم پی اے فریحہ آغا ،ایم پی اے سبین گل خان ،ایم پی اے عابدہ بی بی ،ایم پی اے خانیوال پرویز چوہدری ،سیدہ عظمی قادری اورایم پی اے راحیلہ خادم حسین شامل ہیں۔

ڈائریکٹر ایس ایس ڈی او سید کوثر عباس نے اس موقع پر کہا کہ ممبران اسمبلی کو بہتر قانون سازی کے لئے ریسرچ کی معاونت کی ضرورت ہے اور اس ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے ایس ایس ڈی او ممبران اسمبلی کو معاونت فراہم کرے گی۔