اے این ایف نے ایک ارب 36 کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کی1545 کلو گرام منشیات اور 6300 لٹر سلفیورک ایسڈ برآمد کر لیا، 16 ملزمان گرفتار

جمعرات 16 مئی 2019 17:05

# اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2019ء) اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے 16 ملک گیر کارروائیوں کے دوران ایک ارب 36 کروڑ 70 لاکھ روپے بین الاقوامی مالیت کی1545 کلو گرام منشیات اور 6300 لٹر سلفیورک ایسڈ برآمد کر لیا جبکہ منشیات سمگلنگ میں ملوث 16 ملزمان کوحراست میں لے لیا اور 7 گاڑیاں بھی تحویل میں لے لیں۔ برآمد شدہ منشیات میں 1522.48کلو گرام چرس،15.92 کلو گرام ہیروئن،6کلو گرام افیون، 4190 عدد زیناکس گولیاں، 290 گرام میتھ ایمفیٹامائن اور 6300 لٹر سلفیورک ایسڈ شامل ہے۔

اے این ایف سے جاری تفصیلات کے مطابق اے این ایف کوئٹہ نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران تربت پنجگور روڈ، تربت پر وقاع گُرگ نالہ کے قریب دو عدد لاوارٹ ایرانی زمیاد گاڑیاں تحویل میں لے کر دوران ان سے مجموعی طور پر 1500 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔

(جاری ہے)

ابتدائی اطلاعات کے مطابق مذکورہ منشیات کسی دیگر گروہ کے حوالے کرنے کی غرض سے منتقل کی جا رہی تھیں۔

اے این ایف راولپنڈی نے جی ٹی روڈ، اٹک پر واقع اقبال شہید ٹول پلازہ کے قریب پشاور کے رہائشی نور محمد نامی موٹرسائیکل سوار کو روک کر اس کے موٹرسائیکل میں بنائے گئے خفیہ خانے سے 2 کلو گرام افیون برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔دوسری کارروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بذریعہ پرواز نمبر QR-615 قطر جانے والے کرم ایجنسی کے رہائشی رحیم گل نامی ملزم کے ٹرالی بیگ سے 1.780 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

تیسری کارروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ایک ٹیوٹا کرولا کار کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کے دروازوں میں چھپائی گئی 2 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے میانوالی کے رہائشی سہیل خان اور فیصل آباد کے رہائشی محمد اویس نامی دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ چوتھی کارروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 193 عدد کارٹنوں پر مشتمل برطانیہ بھیجے جانے والے ایک پاسل کو قبضہ میں لے کر اس میں موجود لیڈیز کپڑوں میں چھپائی گئی 3.160 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے میر پور (آزاد کشمیر) کے رہائشی عامر رفیق نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔

پانچویں کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے جودوں گراں، ٹیکسلا، ضلع راولپنڈی کے قریب ایک سوزوکی پک اپ کو روک کر اس سے 6300 لٹر سلفیورک ایسڈ برآمد کر لیا جو کہ 140 عدد کینوں میں چھپایا گیا تھا۔دوران کاروائی خانیوال کے رہائشی محمد شاہد نامی ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ اے این ایف لاہور نے جوہر ٹائون لاہور میں واقع ایک نجی کوریئر آفس کے ذریعے برطانیہ بھیجے جانے والے ایک پارسل کو تحویل میں لے کر دوران تلاشی اس سے 4.1 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی جو کہ 16 عدد لیڈیز سوٹوں میں چھپائی گئی تھی۔

دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر واقع نجی کوریئر کمپنی کے ذریعے برطانیہ بھیجے جانے والے 2 علیحدہ علیحدہ پارسلوں کو قبضے میں لے کر اس میں چھپائی گئی 1.350 کلو گرام اور 800 گرام ہیروئن برآمد کر لی جو کے لیدر کی جیکٹوں میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی تھی۔ تیسری کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور ے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بذریعہ پرواز نمبر PA-410 ابو ظہبی جانے والے گجرات کے رہائشی احسن علی نامی مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے بیگ سے 510 گرام ہیروئن، 600 گرام چرس اور 290 گرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس) برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

چوتھی کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے پرانا لاری اڈہ، وہاڑی کے قریب وہاڑی کے رہائشی عظیم الیاس چٹنی اور شفیق مسیح نامی دو ملزمان کے ذاتی قبضے سے 3 کلو گرام چرس برآمد کر کے دونووں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پانچویں کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے پرانا لاری اڈہ، وہاڑی میں واقع المدینہ ورکشاپ کے قریب اللہ رکھا نامی ملزم کے قبضے سے 1.5 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

چھٹی کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے نیازی چوک، خانیوال پر واقع ڈائیوو بس ٹرمینل کے قریب ایک سوزوکی مہران گاڑی کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 4 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے پشاور کے رہائشی محمد راحیل نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔ اے این ایف پشاور نے پشاور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران پرواز نمبر SV-975 جدہ جانے والے چارسدہ کے رہائشی توفیق گل نامی مسافرکے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے بیگ سے 580 عدد زیناکس نشہ آور گولیاں برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

دوسری کارروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے موٹروے ٹول پلازہ پشاور کے قریب ایک سوروکی مہران گاڑی کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ کے نیچے چھپائی گئی 3.6 کلو گرام چرس برآمد کر کے راولپنڈی کے رہائشی انیس احمد، مامون احمد قاضی اور اوسامہ افتخار راجہ نامی تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے پشاور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کاروائی کے دوران پرواز نمبر SV-793 ریاض جانے والے خیبر کے رہائشی ولی رحمان نامی مسافرکے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے بیگ سے 3610 عدد زیناکس نشہ آور گولیاں برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

اے این ایف کراچی نے خفیہ اطلاع پر شیریں جناح کالونی، کراچی میں واقع جاوید پلازہ میں موجود ایک کمرے پر چھاپہ مار کر وہاں سے 4 کلو گرام افیون اور 12 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔