عدالت نے پیرا گون سوسائٹی اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی

جمعرات 16 مئی 2019 17:20

لاہور۔16 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2019ء) احتساب عدالت نے پیرا گون سوسائٹی اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی‘ احتساب عدالت کے جج سید جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی‘ ملزم خواجہ سلمان رفیق کو عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ خواجہ سعد رفیق کی اسلام آباد میں مصروفیات کی وجہ سے پیش نہ کیا جاسکا‘ خواجہ سعد رفیق کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پیش کی گئی‘ عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے سوال کیا کہ خواجہ سعد رفیق کو کیوں پیش نہیں کیا گیا‘ نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ خواجہ سعد رفیق قومی اسمبلی کے اجلاس کی وجہ سے اسلام آباد میں ہیں‘ عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے پوچھاکہ ریفرنس دائر کیا ہے یا نہیںاس کی رپورٹ کہاں ہے‘ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ ریفرنس چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد جلد دائر کر دیا جائیگا‘عدالت نے ریفرنس کی حتمی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 30 مئی تک توسیع کر دی۔