ایک ہی روز میں بیرونی قرضہ 666ارب روپے بڑھ گیا،نائب صدر مسلم لیگ ن

روپے کی قیمت مستحکم کرنے کا کام ان لوگوں کو سونپا گیا ہے جو ملک میں آئے ہی روپے کی قدر گرانے اور جی ڈی پی کی ترقی روکنے کے لیے ہیں،مریم نواز شریف

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 16 مئی 2019 18:00

ایک ہی روز میں بیرونی قرضہ 666ارب روپے بڑھ گیا،نائب صدر مسلم لیگ ن
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مئی2019ء) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے جمعرات کے روز ڈالرکی قیمت میں ایک دم ہونے والے اضافے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے ایک ہی روز میں بیرونی قرضہ 666ارب روپے بڑھ گیا۔ مریم نواز شریف نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان میں روپے کی قیمت مستحکم کرنے کا کام ان لوگوں کو سونپا گیا ہے جو ملک میں آئے ہی روپے کی قدر گرانے اور جی ڈی پی کی ترقی روکنے کے لیے ہیں۔

انہوں نے اپنے دوسرے ٹویٹ میں کہا کہ لوگوں کو نئے پاکستان کے بارے میں غلط فہمی نہیں رکھنی چاہیے ، نئے پاکستان میں بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں روپیہ اور سٹاک مارکیٹ مستحکم تھے لیکن نئے پاکستان میں مہنگائی نے عوام کو کچل کر رکھ دیا ہے اور گیس وبجلی سمیت ہر چیز مہنگی ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ جمعرات کی صبح ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ۔ انٹر بینک میں ڈالر 6 روپے 61پیسے مہنگا ہو گیا جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر148 کا ہو گیا ہے۔جب کہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 3 روپے مہنگا ہو گیا ہے جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 147 روپے ہو گئی ہے ۔ ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ سلسلہ جاری ہے تاہم معاشی تجزیہ نگاروں نے ڈالر کی قیمت کو خطرناک قرار دے دیا ہے۔ اب مریم نواز نے بتایا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے ایک ہی روز میں بیرونی قرضہ 666ارب روپے بڑھ گیا۔