شمالی وزیرستان اور کراچی میں پولیو وائرس سے متاثرہ دو نئے کیس سامنے آگئے، متاثرہ بچوںکی تعداد 17 ہوگئی

جمعرات 16 مئی 2019 18:05

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2019ء) خیبرپختونخواکے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان اور کراچی میں پولیو وائرس سے متاثرہ دو نئے کیس سامنے آنے کے بعد ملک بھر میںپولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد بڑھ کر سترہ(17)تک جاپہنچی جو انتہائی تشویشناک ہے۔جمعرات کے روزمحکمہ انسداد پولیو کے مقامی حکام نے بتایا کہ قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں پولیو کے ایک نئے کیس کی تصدیق ہوگئی ہے اور تحصیل میرعلی کے علاقہ زیرکی بادشاہ کوٹ کے ساڑھے تین سالہ ایک بچے میں پولیووائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے ساتھ ہی شمالی وزیرستان میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد تین(3) ہوگئی ۔

ادھر صوبہ سندھ کے ضلع کراچی کے علاقہ گلشن اقبال کے علاقہ چپل گارڈن میںچھ ماہ کی بچی میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی اور اب اس طرح سندھ میں پولیوسے متاثرہ بچوں کی تعداد بھی تین(3) ہوگئی۔

(جاری ہے)

یادرہے کہ چند روز قبل لاڑکانہ کے علاقے لطیف آباد کی 38 ماہ کی بچی میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی تھی ۔انسداد پولیو کے مقامی حکام کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع باجوڑ‘ خیبر اور ضلع ہنگو میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد مجموعی طورپر تین جبکہ ضلع بنوں میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعد پانچ اورقبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں تین ہوگئی ہے اور اس طرح خیبرپختونخوا کے پانچ اضلاع میں اب تک پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد بڑھ کر گیارہ ہوگئی جبکہ سندھ کے صوبائی داراحکومت کراچی میں ایک اور کیس کے اضافہ کے ساتھ مجموعی تعداد تین ہوگئی۔

پنجاب کے صوبائی دارلحکومت لاہور میں پولیو سے اب تک تین بچے متاثر ہوئے ہیں۔ ادھرمحکمہ صحت حکام کے مطابق خیبرپختونخواکے جنوبی اضلاع میں پولیو کے برھتی تعداد کے پیش نظر عیدالفطر کے بعدبنوں اور لکی مروت اضلاع کے علاوہ قبائلی اضلاع شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں 10 /جون 2019 سے انسداد پولیو کی خصوصی تین روزہ مہم شروع کی جائے گی۔