فلسطینیوںکے آتش گیر غباروں سے یہودی کالونیوں میں آگ بھڑک اٹھی

کہ تین ماہ کے دوران گیسی غباروں کے نتیجے میں اسرائیل کو 90 لاکھ شیکل کا معاشی نقصان اٹھانا پڑا،صیہونی حکام

جمعرات 16 مئی 2019 18:10

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2019ء) فلسطینیوں کے کاغذی جہازوں اور آتش گیر غباروں کی مدد سے کئی مقامات پر آگ لگ گئی۔غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج اور فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے کئی گھنٹوں تک آگ بجھانے کی کوشش کی مگر آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا۔آتش زدگی کا یہ تازہ سلسلہ ایک ایسے وقت میں جاری ہے جب دوسری طرف اسرائیلی حکام کا کہنا تھا کہ تین ماہ کے دوران گیسی غباروں کے نتیجے میں اسرائیل کو 90 لاکھ شیکل کا معاشی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

(جاری ہے)

جب کہ مجموعی طور پر 6000 دونم کے علاقے آگ کی لپیٹ میں آچکے ہیں۔گیسی غباروں کے گرنے اور آگ لگنے کے بعد اسرائیلی ریسکیو ٹیمیں اور فائر بریگیڈ کا عملہ روانہ کیا گیا۔ گرمی کی وجہ سے آگ تیزی کے ساتھ وسیع رقبے میں پھیل گئی اور اسے بجھانے میں کئی گھنٹے صرف ہو گئے۔ خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کی سرحد پر فلسطینیوں کے گیسی غبارے اور کاغذی آتش گیر جہاز روکنے کے لیے نیا نظام بھی نصب کیا ہے مگر اس کے باوجود صہیونی حکام فلسطینیوں کے اس مزاحمتی حربے کو روکنے میں ناکام رہے ہیں۔