Live Updates

جماعت اسلامی کے تحت کراچی تا کشمور سندھ بھر میں یومِ باب السلام منایا گیا

یومِ باب السلام ظلم وظالموں کیخلاف جدوجہد کرنے کا پیغام ہے۔محمد حسین محنتی، اسدبھٹو،ڈاکٹرمعراج، کاشف شیخ،حافظ نعیم الرحمن ودیگر کا خطاب

جمعرات 16 مئی 2019 18:50

�راچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2019ء) جماعت اسلامی سندھ کے تحت 10رمضان یوم باب السلام کراچی تا کشمور بھرپور جوش وجذبہ کے ساتھ منایا گیا، صوبائی اعلامیہ کے مطابق اس حوالے سے ضلعی ہیڈکواٹر سمیت سندھ کے چھوٹے بڑے شہر شہروں میں جلسے ،سیمینار، کانفرنس، اجتماعات ومذاکرے منعقد کئے گئے جن سے جماعت اسلامی کے علاوہ مختلف سیاسی وسماجی تنظیموں کے قائدین، دانشور،صحافی اور علمائے کرام نے اپنے خطاب میں راجہ داہر کے مظالم،فاتح سندھ محمد بن قاسم کی مظلوم بیٹی کی سندھ آمد،سندھ کے عوام کو ڈاہری راج سے نجات دلاکر باب الاسلام کا اعزاز بخشنے والے کردار وکارنامہ پر اظہار خیال اور انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اہلیان سندھ اپنے محسن محمد بن قاسمؒ کے کردار واحسان کو کبھی بھی نہیں بھول سکتے، جنہوں نے اپنے کردار سے سندھ میں عدل وانصاف اور مثالی امن قائم کرکے یہاں کے لوگوں کے دل جیت لئے تھے، آج جو دنیا میں ظلم وناانصافیوں کا رواج ہے داہری کردار ادا کرنے والوں نے مظلوموں کیلئے زمین تنگ کردی ہے ایسی دنیا کسی محمد بن قاسمؒ کی منتظر ہے جو ان کے ظلم سے نجات اور غرور خاک میں ملادے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر وسابق ایم این اے اسداللہ بھٹو نے جیکب آباد میں یوم باب السلام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم باب السلام کا دن سندھ کیلئے ایک اعزاز سے کم نہیں ہے، حکومت کو یوم باب السلام اور محمد بن قاسمؒ کی خدمات کو نصاب میں شامل کرنا چاہئے، یوم باب السلام کا مطلب ایک اسلامی وفلاحی ریاست کا قیام،بھوک، بیروزگاری اور ظلم کے نظام کا خاتمہ ہے، آج پھر محمد بن قاسمؒ کے جذبے کے ساتھ سندھ اور پاکستان کو بھوک وافلاس، بیروزگاری، لادینیت کے خاتمے کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے، لیکن افسوس کہ آج سندھ اور پاکستان میں بیروزگاری،کرپشن، بھوک وافلاس اور ناچ گانے کی تہذیب کو پروان چڑھایاجارہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے، اس موقع پر ضلعی امیر دیدار احمد لاشاری، قیم صادق ملغانی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

جماعت اسلامی سندھ کے امیرمحمد حسین محنتی نے العباس ہال بدین یمں یوم باب السلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے 10رمضان المبارک ظالم اور ظالمانہ نظام کیخلاف جدوجہد کا پیغام ہے، فاتح سندھ محمد بن قاسمؒ ایک بیٹی کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے نہ صرف ان کو ظالم حکمران راجہ داہر سے نجات، اسلامی حکومت قائم، مثالی امن سندھ کو امن وآتشی کا مرکز بنایا ،سندھ کو باب السلام کا درجہ ملنے کے بعد یہاں سے پورے برصغیر میں اسلام کی روشنی پھیل گئی۔

محمد بن قاسم نے سندھ کے عوام کو ظالم حکمران راجہ داہر کی غلامی سے نجات دلائی،اقلیتوں کی جان ومال کی حفاظت اور ان کو اپنی مرضی کے مطابق پوجا پاٹ کی مکمل آزادی حاصل تھی یہی وجہ ہے کہ وہ ان کو اپنا دیوتا اور نجات دہندہ سمجھتے تھے ان کی واپسی کے بعد وہ ان کی مورتیاں بناکر پوجتے تھے۔ صوبائی امیر نے کہا کہ آج بھی آمریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے لیکر فلسطین وکشمیر اور میانمار کی بیٹیاں کسی محمد بن قاسم کی راہ تک رہی ہیں جو کہ ان کو ظالموں سے نجات دلائے،حقیقت میں 10رمضان المبارک یوم باب السلام ظلم وظالموں کیخلاف جدوجہد کرنے کا پیغام ہے، ضلعی امیر مولانا غلام رسول احمدانی،قیم علی مردان شاہ ودیگر نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔

جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے مٹیاری منصورہ میں یوم باب السلام کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راجا داہر سندھ کا ایک ظالم اور فاشسٹ حکمران تھا جس نے سندھ کے لوگوں کو اپنی ظالم حکمرانی کے ذریعے بدترین غلامی میں جکڑ رکھا تھا، راجا داہر کے پروردہ اور پالے ہوئے غنڈوں اور ڈاکو راج قائم کرنے والے افراد نے جب دیبل کی بندرگاہ پر مسلمانوں کے جہاز کو لوٹ کر ان کی عزت ماب خواتین کو قید کرلیا تب حجاج بن یوسف نے اس قافلے کی ایک بیٹی کی پکار پر محمد بن قاسمؒ کو راجا داہر کی سرکوبی اور یرغمال بنے ہوئے مسلمانوں کو چھڑانے کا حکم دیا ،محمد بن قاسم نے راجا داہر کے ستائے ہوئے عوام اور مظلوم ہندئوں کو بدترین مظالم اور غلامی سے نجات دلائی اور ایک مسیحا کی شکل میں سندھ میں وارد ہوئے، آج پھر مسلم امہ کو ایک محمد بن قاسم کی ضرورت ہے جو کشمیر، فلسطین،میانمار،شام، عراق، افغانستان اور بھارتی مظالم سہنے والے مسلمانوں کو آزادی اور عزت ماب خواتین کی عزتوں کیلئے میدان کارساز میں اپنے جوہر دکھائے۔

جماعت اسلامی سندھ کے سابق قیم ممتاز حسین سہتو نے گھارو میں یوم باب السلام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن برصغیر کی تاریخ کا ایک تاریخ ساز دن ہے، جب اس خطے اور مہران کی وادی میں اسلام کا احیاء اور بالادستی کا دور شروع ہوا، بلاشبہ آج کے دن پر سندھ کے عوام فخر کرتے ہیں جب اس خطے کو باب السلام کا شرف حاصل ہوا، رمضان المبارک کے برکتوں میں سے یوم باب السلام کا دن بھی ایک بہت بڑی نعمت ہے جس کا فیض سندھ کے عوام کو تاقیامت تک جاری رہے گا، سندھ کی سرزمین کل بھی اسلام کا قلعہ تھی اورج آج بھی ،ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب سندھ کے عوام سیکولر اور لبرل قوتوں کو شکست فاش سے دوچار اور اسلام کا دوبارہ احیاء کریں گے، اس موقع پر ضلعی امیر الطاف حسین ملاح ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات