Live Updates

ی*شاہ محمود قریشی کی یہ عجیب منطق ہے تین اضلاع کا صوبہ نہیں بن سکتا،طارق بشیر چیمہ

_ مجھے نہیں پتہ کہ 1985 سے پہلے کسی نے صوبہ جنوبی پنجاب بارے شور مچایا ہو، مخدوم سے ملاقات پر پوچھوں گا کہ اگر کوئی تاریخ صوبہ جنوبی پنجاب کی ہے تو بتائیں،وفاقی وزیر ہائوسنگ

جمعرات 16 مئی 2019 20:07

ٰبہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2019ء) وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ چوہدری طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ صوبہ بہاول پور کی ایک تاریخ ہے اور صوبہ موجود تھا شاہ محمود قریشی ہمارے لیے قابل احترام ہیں یہ منطق سمجھ سے باہر ہے کہ تین اضلاع کا صوبہ نہیں بن سکتا ، مجھے نہیں پتہ کہ 1985 سے پہلے کسی نے صوبہ جنوبی پنجاب کے بارے میں شور مچایا ہو مخدوم شاہ محمود سے ملاقات پر پوچھوں گا کہ اگر کوئی تاریخ صوبہ جنوبی پنجاب ہے تو بتائیں ۔

وہ اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اسمبلی میں دونوں صوبوں کے قیام بارے بل پڑے ہوئے ہیں بل پاس بھی ہوجائے تو اس بل کے مطابق آئندہ الیکشن میں نئے صوبے کا کام چلے گا ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا اتحاد عمران خان کے ساتھ ہے جلسہ بہاول پور میں عمران خان نے صوبہ بہاول پور کو بحال کرنے کا وعدہ کیا تھا سوئٹزلینڈ جیسا چھوٹا ملک ہوسکتا ہے تو بہاول پور صوبہ کیوں نہیں بن سکتا بہاول پور کو اس کا حق ملنا چاہیئے اسمبلی میں دو تہائی اکثریت کے بعد نیشنل کمیشن بننا ہوتا ہے کمیشن تمام تقسیم کے معاملات طے کرتا ہے ہماری جتنی بھی سیٹیں بنیں گی ہمیں دے دیں ۔

(جاری ہے)

چوہدری طارق بشیر چیمہ نے مذید کہا کہ جنوبی پنجاب کے سیاستدانوں میں کوئی دم ہوتا تو یہ خطہ محروم نہ رہتا۔اس خطے کے لوگ جنوبی پنجاب کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے ریفرنڈم کروا لیں کہ عوام صوبہ بہاول پور چاہتے ہیں کہ نہیں دونوں اتحادی پارٹیاں ابھی تک صوبوں کے ایشو پر اکھٹی نہیں بیٹھیں جب بھی اکھٹے بیٹھیں گے امید ہے ہماری بات سنی جائے گی وزیر اعظم عمران خان کے سامنے اپنے مطالبات رکھیں گے صوبہ بہاول پور کی بحالی کے لیے کسی کی بھی سپورٹ ملی ضرور لیں گے ن لیگ کا ساتھ دینے کی بات نہیں ہے صوبہ بحالی کے لیے ہر دروازے پر جائیں گے میں اس دھرتی کا سپوت ہوں میں اپنا فرض اسمبلی فلور پر ادا کرتا رہوں گا۔

ایک سوال کے جواب میں چارق بشیر چیمہ نے کہا کہ احتجاج کا ابھی تک نہیں سوچا، حکومت کے ساتھی ہیں آخری وقت تک اپنے اتحادیوں کا ساتھ دیں گے اور انہیں سے مدد لیں گے ہم نے جو بھی بات کرنی ہے عمران خان سے کرنی ہے اورہماری توقعات بھی انہیں سے ہیں۔قبل ازیں وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ چوہدری طارق بشیر چیمہ ن لیگ کے رہنماء و سابق وزیر تعلیم میاں محمد بلیغ الرحمن کی رہائشگاہ گئے اور ان کی اہلیہ اور بیٹے کی وفات پر ن سے تعزیت کی اور ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات