ی* سعودی عرب، ایران تقسیم ہونے کے بجائے مشترکہ دشمن کا مقابلہ کریں ، پیر اعجاز ہاشمی

منتشر رہیں گے توامریکہ دھمکیاں دیتا رہے گا، عالمی بدمعاش کو اسلامی ممالک کی ترقی برداشت نہیں ، مرکزی صدر جمعیت علمائے پاکستان

جمعرات 16 مئی 2019 20:10

ی* سعودی عرب، ایران تقسیم ہونے کے بجائے مشترکہ دشمن کا مقابلہ کریں ، ..
e لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2019ء) جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ استعماری قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لئے سعودی عرب اور ایران کو متحد ہوکر امت واحدہ کا تصور مضبوط کرنا چاہیے۔اگر منتشر اور بکھرے رہیں گے تو اسی طرح سے امریکہ دھمکیاں دیتا رہے گا اور دہشت گردی کے واقعات بھی ہوتے رہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ایران پر امریکی دباو دراصل امت مسلمہ کو دھمکیوں کے مترادف ہے، جو اسلامی ممالک کو کسی صورت برداشت نہیں کرنا چاہیے۔ان کا کہناتھا کہ امریکہ عالمی بدمعاش ہے جسے کسی بھی اسلامی ملک کی ترقی اور خود مختاری برداشت نہیں ہوتی۔ اس لئے مختلف بہانوں سے مسلم ممالک کے خلاف سازشیں کرتا رہتاہے۔

(جاری ہے)

سعودی عرب میں ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ اگر دونوں بڑی اسلامی قوتیں سعودی عرب اور ایران خود تقسیم ہونے کے بجائے متحد ہو کر مشترکہ دشمن کا مقابلہ کریں اور امت واحدہ کے تصور کومضبوط کریں ، تو اسلامی وقار بلند ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو مرحوم کی طرح اس وقت اسلامی ممالک کی سربراہی کانفرنس منعقد کی جانی چاہیے ، تاکہ اتحاد امت کے مقاصد کو حاصل کیا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمان ممالک کو ایک ہونا چاہیے لیکن افسوس ہمیںسازش کے تحت اختلافات کا شکار کرکے منتشر کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ذاتی، لسانی،ملکی، مسلکی اور جغرافیائی مفادات سے بالاتر ہو کر ایران اور سعودی عرب کو ملی یکجہتی کونسل اور متحدہ مجلس عمل کی طرز پر امت مسلمہ کی وحدت کے لئے کوشش کرنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ پہلے بھی ایران کو نقصان پہنچانے کے لئے بڑھکیں مارتا رہتا ہے اور اقتصادی پابندیا ں لگاتا رہتا ہے مگر ہمیں امید ہے کہ وہ ماضی کی طرح اب بھی ناکام ہی ہوگا۔امت مسلمہ کی خواہش ہے کہ دونوں برادر اسلامی ممالک سعودی عرب اور ایران مل کر امریکی سازشوں کا مقابلہ کریں۔اس میں دونوں کی عزت اور اسلام کی سربلندی کا راز پنہا ں ہے۔ انہیں چاہیے کہ عرب و فارس کے بت توڑکر متحدہوجائیں۔