پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ ، بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر دو سو سے زائد وارڈنز میں نقد انعام اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں

جمعرات 16 مئی 2019 20:15

لاہور۔16 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2019ء) پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں دوران ڈیوٹی محنت ،لگن،جانفشانی اور ایمانداری کا مظاہرہ کرنے والوں اور محکمہ ٹریفک پولیس سے ریٹائرڈ ہونے والے کے اعزاز میں تقریب تقسم انعامات کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد محنتی وارڈنز کی حوصلہ افزائی کرنا اور ریٹائرڈ ہونے والے اہلکاروں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کو اعزاز سے نوازنا تھا،تقریب میں سی سی پی او لاہور بی اے ناصر،سی ٹی او کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک،ایس پی ٹریفک سردار آصف خان سمیت تمام سرکل افسران اور ٹریفک وارڈنز نے شرکت کی،تقریب سے خطاب کر تے ہوئے سی ٹی او لاہور کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک کا کہنا تھا کہ لاہور میں حادثات کی شرح کو انتہائی نچلی سطح پر لانے،ٹریفک قوانین پر سختی سے پابندی کروانے اور شہریوں کو بلا تعطل ٹریفک کی روانی جاری رکھنے کا سہرا ٹریفک وارڈنز کو جاتا ہے جو عملی طور پر شہریوں کی خدمت کو یقینی بنائے ہوئے ہیں، ان کا مزید کہناتھا کہ ٹریفک پولیس ،ملک کی مکمل کرپشن فری پولیس بن گئی ہے،علاوہ ازیں سفارشی کلچر کے خاتمے کیلئے ٹریفک وارڈنز کو ان کے من پسندٹریفک سیکٹر زمیں تعینات کیا جا رہا ہے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور بی اے ناصر کا کہنا تھا کہ پولیس سروس میں سزاوجزا کے نظام کو بنیادی حیثیت حاصل ہے اسی لئے عوام کی جا ن ومال کے تحفظ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران واہلکاروں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جاتی ہے ، محنتی ، قابل اور ایماندار افسران محکمہ پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں ،ان کا کہناتھا کہ آپ لوگ خوش نصیب ہیں جو شہریوں کیلئے راستہ کلیئر کرواتے ہوئے فرض اور نیکیاں اکھٹی کر رہے ہیں،سٹی ٹریفک پولیس ،لاہور پولیس کا چہرہ ہے اور آپ میں سے بہترین افسر وہ ہے جو دوران ڈیوٹی صبر و تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کرے،اللہ پاک کا ہم پر احسان ہے کہ ہمیں یونیفارم ملی،ہمیں شہریوں کے آسانیاں پیدا کر نی چاہیں،انہوں نے وارڈنز کو پہلے سلام اور پھر کلام کے اصولوں کو سختی سے اپنانے کی ہدایت کی،محکمہ پولیس کی نیک نامی کیلئے تمام وارڈنز اپنا بہترین رول ادا کریں،تقریب کے اختتام پر ریٹائر ڈ ہو نے والے اہلکاروں میں پھول،تعریفی اسناد پیش کیں،سی ٹی او نے کہاکہ ریٹائرڈ ہونے والے افسران نے اپنی زندگی کے قیمتی برس شہریوں کی خدمت اور ٹریفک کی روانی کیلئے وقف کر دیئے جو کسی بھی طرح جہاد سے کم نہیں،شہر میں امن و امان کو برقرار رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے رکھنے میں ہر ممکن مدد کی،انہوں نے کہاکہ میں ایسے افسران کو سلیوٹ پیش کر تا ہوں جن کا مقصد شہریوں کیلئے آسانیاں پیداکرنا رہا،ہمیں ان افسران کے تجربات کو اپناتے ہوئے خدمت خلق جاری رکھنی چاہیے،انہوں نے کہاکہ ریٹائرڈ ہونے والے افسران کو کسی بھی قسم کی کوئی دشواری یا مسئلہ ہو تو ا ن کیلئے میرا آفس ہمہ وقت کھلا ہے،اس کے علاوہ انہوں نے دیگر افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ ان افسران کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھیں اور کسی بھی قسم کی ضرورت پڑنے پر ان کی فوری مدد اور راہنمائی کی جائے۔