عابد علی کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کھلائے بغیر ورلڈ کپ سے نکالنا غیر منصفانہ ہے،رمیزراجہ

انگلینڈ میں بیٹنگ کے لیے اچھی وکٹیں ہیں اور یہاں سٹار بننے کا اچھا موقع ہے،سابق کرکٹر

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 16 مئی 2019 20:28

عابد علی کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کھلائے بغیر ورلڈ کپ سے نکالنا غیر ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مئی2019ء) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، کپتان سرفراز احمد اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کی ورلڈ کپ سکواڈ کے لیے مشاورت مکمل ہوگئی ہے اورسلیکٹرز نے جارح مزاج بلے باز آصف علی اور تجربہ کار فاسٹ باﺅلر محمد عامر پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل فہیم اشرف اور اوپننگ بلے باز عابد علی کی جگہ محمد عامر اور آصف علی 15 رکنی ٹیم ورلڈکپ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

اس فیصلے کے بعد سابق کرکٹر رمیزراجہ نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ عابد علی کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کھلائے بغیر ورلڈ کپ سے نکالنا غیر منصفانہ ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ انگلینڈ میں بیٹنگ کے لیے اچھی وکٹیں ہیں اور یہاں سٹار بننے کا اچھا موقع ہے ایسے موقعے پر عابد علی کو نہ کھلانا ان کے ساتھ ناانصافی ہو گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ سے قبل ان دنوں دورہ انگلینڈ پر ہے جہاں اسے ایک ٹی ٹونٹیاور دو ون ڈے میچز میں شکست ہوچکی ہے جبکہ ایک ون ڈے میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا۔

دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستانی بلے بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور انگلینڈ کے 373 رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم 361 رنز بناپائی تھی،تیسرے ون ڈے میچ میں شاہیوں کے 358 رنز کا تعاقب انگلینڈ نے محض 45ویں اوور میں کرلیا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے شائقین کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ آل راﺅنڈ شاداب خان ورلڈ کپ کے لیے فٹ قرار دے دیئے گئے ہیں اور وہ جلد ٹیم میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔